میڈیا تعاون کر ے ، ایک ماہ میں شہر جزوی صاف کردیں گے، ناصر شاہ

332

 

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے وزیر محنت سعید غنی کے ساتھ سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 21ستمبر 2019ء سے کراچی میں صفائی مہم شروع کی جارہی ہے جس میں گزشتہ جمع شدہ کچرا اٹھایا جائے گا اور کوشش کی جائے گی کہ ایک ماہ میں کراچی مکمل طور پر تو نہیں کافی حد تک صاف ستھرا نظر آئے گا اور جس کا دائرہ کار بڑھاکر بتدریج پورے سندھ تک پھیلایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ میڈیا کا کردار اس مہم میں انتہائی اہم ہوگا۔ انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ کچرا اٹھتا ہوا بھی دکھائے اور بلدیاتی اداروں و حکومت کے مثبت امیج کو بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ صوبائی وزرا نے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی صلاحیت بڑھائی گئی ہے، پہلے 5 ہزار ٹن کچرا اٹھایا جارہا ہے تاہم ہم کوشش کررہے ہیں کہ ان صلاحیتوں میں مزید اضا فہ کرکے اس کی استعداد 16 ہزار ٹن روزانہ تک کی جائے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ صفائی مہم کے دوران کراچی میں مختلف مقامات پرعارضی جی ٹی ایس بنائے جائیں گے جہاں سے کچرا فوری طور پر لینڈفل سائٹس تک پہنچایا جائے گا، مہم کے بعد یہ جی ٹی ایس ختم کردیے جائیں گے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ میئر کراچی، کمشنر کراچی، تمام ڈپٹی کمشنرز، میونسپل کمشنرز اور چیئرمین ڈی ایم سیز سمیت تمام متعلقہ ادارے باہمی حکمت عملی اور ٹھوس و مربوط بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنائیں گے سب کا مقصد کراچی کو صاف ستھرا بنانا ہے۔