پولیس کلچر میں تبدیلی کیلیے فوری اصلاحات ناگزیر ہو گئیں‘ ہیومین رائٹس

99

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہیو من رائٹس نیٹ ورک کے تحت قومی مجلس مشاورت ’’قومی مسائل کے حل میں ہمارا کردار‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ سیاسی و جمہوری عدم استحکام ملک کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے۔ عدلیہ کے ذریعے انصاف کی فراہمی فوری ہونی چاہیے۔ پولیس کلچر میں تبدیلی کیلیے فوری اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں۔ ملک گوناگوں مسائل کا شکار ہے۔ ملک میں بحرانی کیفیت ہے۔ معیشت کمزور ہے۔ ڈالر مہنگا ہونے سے اشیاء خور و نوش مہنگی ہوچکی ہیں‘ عوام کی قوت خرید متاثر ہے۔ غریب کا جینا محال ہوگیا ہے۔ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیے پھر رہے ہیں‘ روزگار دستیاب نہیں۔ مجلس مشاورت سے بیرسٹرنسیم احمد باوجوہ، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی، سابق رکن سندھ اسمبلی یونس بارائی، صدر ہیومن رائٹس نیٹ ورک انتخاب عالم سوری‘ شہزاد مظہر، مسٹرکارڈر، ناجیہ خان اور نعیم اعوان نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ارشد شیخ‘ رعنا عرفان، اسلم خان فاروقی‘ الطاف حسین، عابد سہگل، رانا شفقت اور رانا آصف حبیب ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔ مقررین نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلیے مل کرکام کرنا ہوگا۔ اپنی ذمے داریاں پہچاننی ہوں گی۔ قومی ذمے داریاں نبھانے کی ضرورت محسو س کی جائے، ان ذمے داریو ں کی ادائیگی کے باعث ملک ترقی کرے گا۔ ٹیکس کو ذمے داری سمجھ کر ادا کیا جائے۔ ٹریفک قوانین پر عمل کیا جائے۔ عدلیہ میں انصاف کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے۔ پولیس کلچر تبدیل کرنے کیلیے اصلا حات لائی جائیں۔