ڈکیتیوں نے بھٹہ مالکان اور مزدوروں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے

497

فیصل آباد (جسارت نیوز)ضلعی صدر انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن چودھری عبدالرزاق باجوہ نے ضلع بھر کے بھٹوں پرہونے والی ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی مسلسل وارداتوں پرتشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈکیتی کی وارداتوں نے بھٹہ مالکان اور مزدوروں کی زندگیوں کو اجیرن بنا رکھا ہے، حکومت اور ضلعی انتظامیہ امن وامان کی بحالی میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، ڈاکو دن دہاڑے بھٹوں پر کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں جبکہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عملاً خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔چک نمبر57گ،ب کھیالہ میں میاں یوسف کے بھٹہ پر مالکان کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھٹے کاکاروبار دیہات کا کلچر ہے بھٹوں کے ارد گرد چار دیواری بھی نہیں ہو سکتی مالکان اپنے طور پر سیکورٹی کا بندو بست کرتے ہیں جو ناکافی ہے۔ پچھلے چند دنوں میں ڈاکو چک نمبر 283گ،ب میاں شوکت کے بھٹہ سے 5لاکھ،چک نمبر243ر،ب عبدالسلام رحمانی کے بھٹہ سے 4لاکھ،ڈجکوٹ روڈ،سمندری روڈ ،نڑوالا روڈ، جھنگ روڈ،ملت روڈ،جڑانوالہ روڈ، پنج گرائیاں، کھرڑیانوالہ سیکٹرمیں بھٹوں پر بھی ڈکیتی کی متعدد وارداتیں ہو چکی ہیں جبکہ چک نمبر 64ج، ب میں ڈکیتی واردات کے دوران بھٹہ مالک قتل اور مزدور زخمی ہو چکے ہیں ۔متعلقہ تھانوں میں متعدد بار درخواستیں دی ہیں مگر کسی ایک بھی واردات کے ڈا کو پکڑنے میں پولیس کامیاب نہیں ہو سکی ۔انہوں نے آئی جی پنجاب ،آر پی او،سی پی او فیصل آباد کو متنبہ کیا کہ فوری طور اس امن و امان کی بحالی پر توجہ دی جائے اوربھٹہ مالکان و مزدوروں کی عزت اورجان و مال کو کو تحفظ فراہم کیا جائے ورنہ کسی بھی ناخوشگوار صورت حال کی کی تمام تر ذمے داری انتظامیہ پر ہو گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھٹوں کو جانے والے راستوں پر ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کا گشت کروایا جائے۔