۔42 دن سے زیادہ کرفیو دنیا اور جمہوریت پر سیاہ داغ ہے،راحیلہ ٹوانہ

145

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)عالمی یوم جمہوریت کے تحت پیس یونائیٹڈ موومنٹ اور پاکستان اسٹیڈی سرکل کے زیر تحت کشمیر یکجہتی کونسل کانفرنس منعقد کی گئی۔ سابق ڈپٹی اسپیکر وچیئرپرسن پی یو ایم اور پی سی ایس راحیلہ ٹوانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا معاملہ انسانیت کا ہے۔42 دن سے زیادہ کرفیو دنیا اور جمہوریت پر سیاہ داغ ہے۔ پاکستان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان ایٹمی جنگ ہوجائے گی۔ اگر عالمی جمہوریت پسند کمیونٹی نے فوری طور پر جمہوریت مخالف بھارت غاصبانہ رویے کو بدلنے میں پاکستان کی مدد نہ کی تو اس کے اثرات پوری دنیاپرانتہائی بھیانک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف عالمی یوم جمہوریت منایا جارہا ہے تو اسی دنیا میں تمام جمہوری قانون کو ٹھکرا یا جارہا ہے،بھارت میں ایک ذہنی بیمار اور وحشی قاتل کو دوسری بار وزیراعظم بنادیا گیا ہے جبکہ اس کا ماضی بدترین ہے۔ اس وقت کشمیر پر لاکھوں RSS کے غنڈوں کو فوج میں بھرتی کرکے مسلمانوں کا قتل عام کررہا ہے۔ 5 اگست کو 370 آرٹیکل کے A35 کو ختم کردیا گیا۔ کرفیو لگا کر کشمیریوں کا قتل عام شروع ہوگیا۔ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنادیا گیا، کشمیر میں ہٹلر اور ہلاکو خان کی تاریخ دہرائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شکرگزار ہیں کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور جمہوریت پسند معصوم کشمیریوں کا دکھ سمجھ رہے ہیں، عالمی ادارے اپنی ذمے داری پوری کریں، پاکستان کے صبر کو مت آزمائیں،اگر ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو دو ایٹمی طاقتوں کی جنگ ہوگی جو دنیا کی تباہی پر ختم ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادی ہر ملک کا حق ہے، نریندر مودی نے عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔ عالمی ادارے اپنے بنائے ہوئے قانون پر ایمانداری سے فوراً عمل کرائیں اور جنونی قاتل نریندر مودی اور آر ایس ایس سے کشمیری مسلمانوںکی زندگیوں کی حفاظت کرائیں۔