“میری جیل کی نیند عمران خان کی وزیراعظم ہاؤس کی نیند سے بہتر ہے”

561

پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مجھے جیل کی فرش پر اتنی سکون کی نیند آتی ہے کہ عمران خان کو وزیراعظم ہاؤس میں نہیں آتی ہوگی۔

 انسداد منشیات عدالت میں پیشی سے قبل جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ  نالائق اعظم کی حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لئے یہ سب کر رہی ہے، پوری قوم نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے، جیلوں میں ظلم برداشت کرنے کے بعد کیسی ڈیل ؟ نواز شریف حکومت سے کوئی ڈیل نہیں کریں گے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ میری گرفتاری سے متعلق مختلف لوگوں اور سینئر صحافیوں نے پہلے سے ہی آگاہ کیا تھا۔ چیف آف آرمی سٹاف سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں ۔

بعدازاں رانا ثناء اللہ ڈیوٹی جج خالد بشیر کی عدالت میں پیش ہوئے اور روسٹرم پر کھڑے ہوکر اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا وفاقی وزیر نے میری ویڈیو کے بارے میں بیان دیا وہ پیش کیا جائے، عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے، تفتیشی افسر سے میری گفتگو بھی عدالت میں پیش کی جائے۔عدالت نے موقف سننے کے بعد سماعت 28 ستمبر تک ملتوی کردی۔