شراب فروش کسٹمزآفیسرسمیت 9ملزمان پکڑے گئے

161

کراچی(اسٹاف رپورٹر) رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف مقامات پر چھاپوں اور دوسری کارروائیوں کے بعد 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار شدگان میں شراب فروش کسٹمز ملازم ، ڈیزل کے اسمگلر ،منشیات فروش اور ڈکیت بھی شامل ہیں، تفصیلات کے مطابق شیرشاہ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شراب چوری میں ملوث کسٹمز ملازم سمیت 2 افراد کو حراست میں لے لیا، گرفتار کسٹم ملازم نے دوران تفتیش حیران کن انکشافات کیے ہیں۔ایس ایس پی ویسٹ شوکت کھٹیان کے مطابق کسٹم ویئر ہاؤس کے 7 ملازم کئی سال تک شراب چوری کرتے رہے، چوری کی گئی شراب ماہانہ لاکھوں روپے میں فروخت کی جاتی تھی۔ شراب سپلائی کے لیے یونس کو عارضی طور پر ایک رکشا دیا جاتا تھا، گرفتار ملزمان میں سرغنہ یونس اور اس کا ساتھی خالد شامل تھے جرم کا ماسٹر مائنڈ یونس کسٹمز ویئر ہاؤس میں بطور چوکیدار ملازمت کرتا ہے، ملزم کو 83 غیرملکی شراب کی بوتلوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق کے یونس سمیت کسٹمز کے 7 ملازمین شراب چوری میں ملوث ہیں، یونس کے ہمراہ گرفتار ملزم خالد ڈیفنس، کلفٹن میں شراب کا بروکر ہے۔شراب بروکر خالد کسٹمز کے سرکاری فلیٹ میں ہی رہتا ہے، کسٹم ملازمین میں مومن خان، شیر ولی، غلام حبیب، سہیل اور فیصل شامل ہیں۔پولیس کے مطابق مرکزی ملزم یونس کے مطابق 2 سال سے زائد عرصے سے یہ کام کررہا تھا، ملزم یونس کو یاد نہیں کہ وہ آج تک کتنی شراب فروخت کرچکا ہے، گرفتار ملزمان کے دیگر 6 ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ سائیٹ سپرہائی وے پولیس نے سپر ہائی وے کے قریب اسنیپ چیکنگ کے دوران ایرانی ڈیزل کی غیر قانونی ترسیل کو ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ چیکنگ کے دوران ٹرک میںبنائے گئے خفیہ خانوں سے 6 ہزار لیٹر سے زائد ایرانی ڈیزل اور غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ایک اور کارروائی میں پولیس نے لڑکی کے ساتھ زیادتی کرنے والے ملزم گرفتار کرلیا۔ملزم نے گھر آئی اپنی بیوی کی بھانجی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا ،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کا آغاز کر دیا ۔اورنگی پولیس نے چھاپا مار کارروائی کے بعد ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میںملوث 2ملزمان ملزم عادل اورمحمد فضل کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے۔