سعودی فورسز کی صلاحیت بڑھانے کیلیے تعاون جاری رہے گا، آرمی چیف

151
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل باجوہ سے سعودی وزیر دفاع کے مشیر میجر جنرل طلال عبداللہ ملاقات کررہے ہیں
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل باجوہ سے سعودی وزیر دفاع کے مشیر میجر جنرل طلال عبداللہ ملاقات کررہے ہیں

 

راولپنڈی(صباح نیوز+اے پی پی)آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ سے ملٹری ایڈوائزر برائے سعودی وزیردفاع میجر جنرل طلال عبداللہ الثیبی نے ملاقات کی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی وزیردفاع کے ملٹری ایڈوائزر میجر جنرل طلال عبد اللہ الثیبی جنرل ہیڈکوارٹرز پہنچے جہاں انہوں نے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور،علاقائی سلامتی اور تربیتی تبادلہ پروگرام سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید
فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میجر جنرل طلال عبد اللہ الثیبی نے پاک فوج کی علاقائی امن و استحکام کے لیے گراں قدر کردار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی امن و استحکام میں پاکستان فوج کا اہم کردار ہے، ملاقات میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی بھی موجود تھے۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ رائل سعودی لینڈ فورسز کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔علاوہ ازیں چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو آرمی میڈیکل سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ کیا اور لیفٹیننٹ جنرل خاور رحمن کو اے ایم سی کے کمانڈنٹ کے بیجز لگائے۔ سبکدوش ہونے والے کرنل کمانڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل (ر) زاہد حامد،آرمی میڈیکل کور کے حاضر اور ریٹائرڈ افسران و سپاہی بھی اس موقع پر موجود تھے۔آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی میڈیکل کور کے کمانڈنگ افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قیمتی جانیں بچانے پر اے ایم سی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان آرمی اور عام شہریوں کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی پر ڈاکٹروں اور طبی عملے کی خدمات اور کردار کی بھی تعریف کی۔ قبل ازیں آمد پر آرمی چیف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ پڑھی۔
آرمی چیف