ائرپورٹس پر تمام ایجنسیوں کو سی اے اے کے ماتحت کردیا گیا

130

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت نے ملک بھر کے سول ائرپورٹوں پر کام کرنے والی تمام ایجنسیوں کی کنٹرولنگ اتھارٹی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے تمام ایجنسیوں کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کے احکامات ماننے کی ہدایت کی ہے ۔ کاغذی طور پر سول ایوی ایشن اتھارٹی ملک کے تمام ائرپورٹوں پر ہونے والے تمام معاملات کی ذمے دار ہے تاہم ایجنسیاں خاص طور سے ائرپورٹ سیکورٹی فورس ، اینٹی نارکوٹکس فورس ، ایف آئی اے اور کسٹمز سول ایوی ایشن اتھارٹی کو خاطر میں نہیں لاتی تھیں جس سے ائرپورٹ پر معاملات خراب ہو رہے تھے ۔ اس کی شکایات بار بار حکومت سے بھی کی جاتی رہی کہ ائرپورٹ پر کام کرنے والی ایجنسیوں کے مسافروں سے خراب سلوک کی کوئی داد رسی کرنے والا نہیں ہے ۔ اس ضمن میں کئی وڈیو بھی وائرل ہوئیں جس میں ایف آئی اے کے اہلکار مسافروں پر تشدد کر تے پائے گئے ۔ ایوی ایشن ڈویژن نے اس ضمن میں واضح نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ائرپورٹ منیجر ائرپورٹ سیکورٹی فورس، پاکستان کسٹمز، ایف آئی اے اور اینٹی نارکوٹکس فورس کا فنکشنل ہیڈ ہوگا ۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ائرپورٹ منیجر تمام اداروں میں باہمی رابطوں کا ذمے دار ہوگا اور مسافروں کی شکایت کی صورت میں وہی ضابطے کی کارروائی بھی کرے گا۔