ناقص کارکردگی کاالزام،کے ایم سی نے ’’اربن فاریسٹ‘‘قبضے میںلے لیا

133

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)کراچی میڑوپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے کلفٹن میں قائم اربن فاریسٹ (شہری شجرکاری) پارک اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔اس ضمن میں بتایا گیا کہ کے ایم سی کی جانب سے مذکورہ فیصلہ اربن فاریسٹ کی ناقص صورتحال سے متعلق الزامات کے بعد لیا گیا۔کے ایم سی حکام کے مطابق کلفٹن بلاک 5 میں قائم اربن فاریسٹ کا چارج میونسپل حکام نے سنبھال کر صفائی و ستھرائی کا کام شروع کردیا جس کے بعد درخت لگائے جائیں گے۔حکام نے بتایا کہ اربن فاریسٹ چیف شہزاد قریشی کو پارک 5 سالہ مدت کے لیے تفویض کیا گیا تھا لیکن معاہدے کی خلاف ورزی پر پارک کو تحویل میں لیا گیا۔کے ایم سی کے ڈپٹی ڈائریکٹر پارک شاہد کا کہنا تھا کہ پارک میں قائم اربن فاریسٹ کو نہیں ہٹایا جائے گا اور پارک میں مورنگا کے مزید درخت لگائے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ’پارک کی ضروری تزئین و آرائش کے بعد عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔دوسری جانب سربراہ اربن فاریسٹ شہزاد قریشی نے کے ایم سی پر الزام عائد کیا کہ پارک میں ہمارے لگائے گئے پودے کے ایم سی کے عملے نے اکھاڑ دیے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف کے ایم سی کی ان سے گفتگو جاری تھی کہ اس دوران کارپوریشن نے درخت اکھاڑنے کے لیے عملہ بھیج دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپویشن نے اربن فاریسٹ 5 سال کے لیے مجھے دیا تھا جس کے تحت 50 ہزار پودے لگانے کا منصوبہ ہے تاہم اب تک اربن فاریسٹ میں 15 ہزار درخت لگے ہوئے ہیں۔شہزاد قریشی نے مزید بتایا کہ مجھے نہیں معلوم کہ کے ایم سی نے پارک اپنی تحویل میں کیوں لیا اور انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ کے ایم سی کو میرے ساتھ تعاون کرناچاہے لیکن وہ مجھے ہی نشانہ بنا رہے ہیں۔اس دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما خرم شیر زمان نے اعلان کیا کہ ان کی پارٹی اربن فاریسٹ کے لیے 50 ہزار درخت عطیہ کرے گی جبکہ کراچی میں 10 لاکھ درخت لگائے جائیں گے۔بعدازاں کراچی میئر وسیم اختر نے معاملے میں مداخلت کی اور شہزاد قریشی سمیت متعلقہ شہریوں کے ساتھ اجلاس کیا۔اس ضمن میں شہزاد قریشی نے بتایا کہ ’میئر کراچی کے ساتھ ساز گار ماحول میں بات چیت ہوئی جبکہ کے ایم سی ڈائریکٹر جنرل پارک آفاق مرزا نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔