کے ڈی اے افسران کوصارفین سے تعاون کرنے کی ہدایت

108

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر بدر جمیل نے کہا ہے کہ ایسے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا جو صارفین کے ساتھ تعاون نہیں کررہے اور ادارے کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، ان کے خلاف سخت دفتری قانونی کارروائی کی جائے گی۔ تمام کے ڈی اے افسران و ملازمین شائستگی اور اخلاقی حدود میں رہتے ہوئے اپنے فرائض ادا کریں۔ یہ بات ڈی جی کے ڈی اے نے اعلیٰ افسران پر مشتمل اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نے کے ڈی اے اراضی کی نیلامی کے لیے آکشن کمیٹی قائم کرنے کے احکامات جاری کیے، کمیٹی کے ڈی اے اراضیوں کا سروے اور نیلامی کے لیے موجود اراضیوں کی نشاندہی کرکے رپورٹ پیش کرے گی جس کی روشنی میں اراضیوں کی نیلامی کے لیے گورننگ باڈی سے منظوری لی جائے گی جبکہ پلاٹوں کی قیمتوں کا تعین کرنے کے لیے متعلقہ افسران کو جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی شہریوں کے لیے نئی و سستی رہائشی اسکیموں کے لیے سندھ حکومت اور وزیر بلدیات سندھ سے رجوع کیا جائے گا ۔ انہوں نے ادارے کی آمدن میں اضافہ کے لیے بالخصوص محکمہ ریکوری کے ڈائریکٹر اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ پبلک ہائوسنگ اسکیم کو ہدایت کی کہ وہ تمام وسائل کا استعمال کرتے ہوئے نہ صرف واجبات کی وصولی یقینی بنائیں بلکہ آمدن کے نئے ذرائع بھی تلاش کیے جائیں۔ مختلف اسکیموں میں کے الیکٹرک کے زیر استعمال اراضی جن پر پول، پی ایم ٹیز اور سب اسٹیشن موجود ہیں ان کا تفصیلی سروے کرکے اراضی استعمال کرنے کی فیس وصول کی جائے۔ انہوں نے واضح ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ الاٹیز پر واجب الادا بقایا جات کی وصولیابی کو تیز کیا جائے اور نادہندگان سے فوری طور پر بقایا جات وصول کیے جائیں بصورت دیگر پلاٹوں کی منسوخی کا عمل شروع کیا جائے۔ صنعتی و تجارتی پلاٹوں کے نادہندہ مالکان کو بقایا جات کی ادائیگی کے نوٹسز کوریئر سروس کے ذریعے بھجوائے جائیں تاکہ ایسے مالکان ریکوری ڈپارٹمنٹ کے ڈی اے سے رابطہ کرکے اپنے بقایاجات کی ادائیگی کرسکیں۔