امام حسینؓ کا یوم شہادت ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا

168

اسلام آباد (آن لائن) نواسۂ رسولؐ حضرت امام حسینؓ کا یوم شہادت 10 محرم الحرام کو ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا، شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مجالس عزا کے انعقاد کے علاوہ شبیہہ علم اور شبیہہ ذوالجناح و ماتمی جلوس نکالے گئے اور عزاداری کی گئی جبکہ علما و ذاکرین نے واقعہ کربلا کے فضائل و مصائب پر روشنی ڈالی اور حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقا کی حق، انصاف اور اسلام کی سربلندی کیلیے عظیم قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر ملک بھر کے مختلف علاقوں میں صبح سے رات گئے تک موبائل سروس جزوی اور کہیں کہیں مکمل معطل رہی۔ مختلف اضلاع کی انتظامیہ کی جانب سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عاید تھی۔ جلوس کے روٹس پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادراوں کے جوانوں کی بھاری نفری تعینات تھی جلوس کے آغاز سے قبل راستوں کو سیکورٹی آلات سے کلیئر کیا گیا۔ سخت تلاشی کے مراحل سے گزرنے کے بعد لوگ جلوسوں میں داخل ہوسکے۔ جلوس کے قریب پارکنگ اور غیر متعلقہ اشخاص کی نقل و حرکت مکمل طور پر بند رہی۔ جلوسوں کے اختتام کے بعد شام غریباں کی مجالس منعقد کی گئیں جس میں نواسہ رسولؐ امام حسینؓ کی قربانیوں پر روشنی ڈالی گئی جبکہ سرکاری و نجی ٹی وی چینلز اور ریڈیو نے بھی مجالس شام غریباں نشر کیں۔ سامعین غم حسینؓ میں دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔
یوم شہادت