نئے تعلیم سال کے لیے 65کالجوںمیں داخلے کااختیار پرنسپل کو تفویض

158

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) محکمہ کالج ایجوکیشن نے نئے تعلیمی سال2019ء کیلیے کراچی کے 65کالجز میںگیارہویں جماعت میں داخلوں کا اختیار کالج پرنسپل کو دیتے ہوئے کالجوں کی اوپن میرٹ فہرست جاری کر دی ہے ۔ 39کالجز میں طالبات اور 26کالجوں میں طلبہ براہ راست داخلہ لے سکیں گے جبکہ میٹرک میں 2پرچوں میں فیل طلبہ بھی انہیں کالجوں میں داخلہ کے لیے اہل ہوں گے۔دوسری جانب کئی کالجوں میں کلیم کے ذریعہ داخلہ نہ لینے کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں تفصیلات کے مطابق کراچی کے سرکاری کالجوں میں گیارہویں جماعت میں مرکزی داخلہ پالیسی (کیپ ) کے تحت داخلوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد محکمہ کالج ایجوکیشن کی جانب سے مجموعی طور پر 65کالجوںکو اوپن میرٹ کرتے ہوئے داخلوں کا اختیار کالج پرنسپل کو دے دیا گیا ۔ علاوہ ازیں گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی دسویں جماعت میں ایک یا دو پرچہ جات میں فیل ہونے والے طلبہ کو بھی گیارہویں جماعت میں عارضی داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے یہ داخلے اُن کالجوں میں دیے جائیں گے جن میں پرنسپل کو داخلوں کا اختیار دیا گیا ہے اور اُن کو ہدایت دی گئی ہے کہ میٹرک جماعت میں ایک یا دو پرچہ جات میں رہنے والے طلبہ کوعارضی داخلہ دے دیا جائے اور میٹرک کے ضمنی امتحانات میں کامیاب ہونے کی صورت میں اُن کا رجسٹریشن فارم بورڈ کو بھیجا جائے تاہم والدین کی جانب سے کئی شکایت موصول ہوئی ہیں کہ ڈائریکٹریٹ کالجز کی جانب سے واضح ہدایت کے باوجود بہت سے اوپن میرٹ کالجوں میں فیل ہونے طلبہ کو داخلہ نہیں دیا جارہا۔ اُن کالجوں کی انتظامیہ کی جا نب سے یہ عذر پیش کیا جارہا ہے کہ اس طرح کے داخلوں کے باعث انٹرمیڈیٹ بورڈ کے امتحانات میں نتائج پر برے اثرات مرتب ہورہے ہیں اس لیے ہم فیل ہونے والے طلبہ کے داخلے نہیں لیں گے۔ والدین کے مطابق لیاری میں قائم کالجز کی جا نب سے سب سے زیادہ شکایت موصول ہورہی ہیں کہ وہ میٹرک میں فیل ہونے طلبہ کے داخلے نہیں لے رہے۔دوسری جانب یہ بھی شکایت موصول ہوئی ہیں کہ جن طلبہ کا داخلہ دور دراز علاقوںمیں ہوا ہے وہ کلیم کے ذریعہ نزدیک کالجوں میں داخلہ لینے کے خواہشمند ہیں وہاں کلیم کے ذریعہ بھی داخلہ نہیں دیا جارہا اور کالج انتظامیہ کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ وہ پہلے کیپ فارم کے ذریعہ ہونے والے طلبہ کو داخلہ دیں گے ہمارے پاس مزید جگہ نہیں ہے ۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ عبد الحمید چنر کا کہنا تھا کہ ابھی کیپ کے داخلوں کا عمل مکمل ہوا ہے اوپن میرٹ کے کالجوں کے پرنسپلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ میٹرک میں فیل ہونے والے طلبہ کو بھی داخلے دیں اگر کوئی شکایت موصول ہوتی ہے اِس کو دیکھیں گے۔ تمام طلبہ کو داخلے دیے جائیں گے ۔ ہماری ذمے داری ہے کہ تمام پاس اطلبہ کو داخلے دیں اور اِس میں کسی قسم کی رکاوٹ ڈالنے نہیں دیں گے۔