کراچی میں بھی یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا

147

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا۔نواسہ ِ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی دین اسلام کی سر بلندی کی خاطر پیش کی گئی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں سے جلوس نکالنے گئے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے نشتر پارک پہنچے جہاں مرکزی مجلس منعقد ہوئی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے واقعہ کربلا پر تفصیلی روشنی ڈالی اور شہدا کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔بعدازاں مرکزی جلوس بو تراب اسکاؤٹس کی قیادت اور سخت سیکورٹی حصار میں نشتر پارک سے برآمد ہوا جو امام بارگاہ محفل شاہ ِ خراسان سے گزر کر ایم اے جناح روڈ پر آیااور مزارِ قائد کے وی آئی پی گیٹ کے سامنے سے ہوتا ہوا لائنز ایریا، پارکنگ پلازا سے ایمپریس مارکیٹ اور ریگل چوک سے ہوتا ہوا تبت سینٹر پہنچا جہاں جلوس کے شرکا نے نماز ظہرین ادا کی۔ یوم عاشور کے جلوس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر علی حیدر زیدی، پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ، آفتاب صدیقی، خرم شیر زمان،جمال صدیقی، ایم کیو ایم تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار و دیگر نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں یوم عاشور کے جلوس کی قیادت کی اور اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن کے لحاظ سے سندھ بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ میں نے کوشش کی ہے کہ تمام سہولیات مہیا کی جائیں۔