جرمنی مسلمانوں کے ساتھ مساجد میں بھی اضافہ

528
ہاگن (جرمنی): کراچی اور مختلف ممالک سے آنے والی شخصیات مسجد کے افتتاح پر تصویر بنوا رہی ہیں
ہاگن (جرمنی): کراچی اور مختلف ممالک سے آنے والی شخصیات مسجد کے افتتاح پر تصویر بنوا رہی ہیں

 

ہاگن (رپورٹ: مطیع اللہ) جرمنی کے مختلف شہروں میں مسلمانوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ ساتھ مساجد میں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ اسی تناظر میں ہاگن شہر میں ایک چرچ کو خرید کر مسجد میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ یہ قدیم چرچ 3 لاکھ 85 ہزار یورو کی کثیر رقم سے خریدا گیا اور یہ رقم پاکستان کے معاشی حب کراچی کے کاروباری اداروں کی سرکردہ شخصیات نے فراہم کیں۔ تبدیلی کے بعد اس کو مسجد فیضانِ ایمان کا نام دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے تقریب اتوار کے روز منعقد کی گئی، جس میں حاجی عبدالحبیب عطاری، سید ابراہیم باپو، سلمان رفیق اور دیگر نے شرکت کی۔ مسجد کا افتتاح نمازِ ظہر کی ادائیگی سے کیا گیا، جس میں مقامی مسلمان، پاکستانی کاروباری اداروں کے نمایندوں پر مشتمل 15 رکنی وفد اور یورپی ممالک کے مسلمانوں نے شرکت کی۔ پاکستانی وفد کے سربراہ رفیق سلیمان نے بتایا کہ چرچ کی مسجد کی تبدیلی کی تقریب ایک ایمان افروز واقعہ ہے، اور پہلی نمازِ ظہر میں امت مسلمہ کے اتحاد اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر دعوتِ اسلامی کے امیر مولانا الیاس قادری کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس نیک کام میں مسلسل رہنمائی کی۔ پاکستان سے آنے والے کاروباری شخصیات کے وفد میں رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین رفیق گوندل، کیمیکل ایسوسی ایشن کے سید ابراہیم باپو، یان مرچنٹ ایسوسی ایشن کے امجد، آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے محبوب صدیقی، بلڈرز اینڈ ڈویلپئر ایسوسی ایشن کے عمران گجی، جیمز اینڈ جیولرز کے عمران ہاشمی کے علاوہ دیگر کاروباری اداروں کے نمایندے شامل تھے۔