پاک بحریہ کے تحت یوم دفاع کی تقریبات جوش وخروش سے منائی گئیں

106

کراچی (نمائندہ جسارت) کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاک بحریہ نے 54 ویں یوم دفاع پاکستان کی تقریبات جوش وخروش سے منائیں۔ اس موقع پر اپنے پیغام میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بے حد قربانیاں دینے والے شہداء اور غازیوںکو خراج تحسین پیش کیا ۔ کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈمرل ظفر محمود نے کہا کہ
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت نے پورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر محاذ پر کشمیریوں کی مکمل حمایت اور جدوجہد جاری رکھے گا۔ انہوںنے زور دیا کہ یہ دن ہم سے تقاضاکرتا ہے کہ ہم اپنے بہتر مستقبل کے لیے خود غرضی سے مبرا ہوکر کام کرنے کے لیے تجدید عہد کریں۔ صبح کا آغاز بحریہ کی تمام مساجد میں خصوصی عبادات سے ہواجس میں ملکی سالمیت اور خوشحالی کی دعائیں مانگی گئیں اور بالخصوص کشمیریوں کی جدوجہدمیں کامیابی اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ 1965 کی جنگ کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی۔ ملک بھر میں شہداء کی یادگاروں پر پھول چڑھائے گئے اور فاتح خوانی کی گئی۔ وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے نیول ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی ، شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کی۔ شہدائے کراچی کے اہل خانہ کے ساتھ خصوصی اجتماع جس میں کمانڈر کراچی نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ تمام نیول یونٹس اور اسٹیبلشمنٹس میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔ مزید برآںکراچی ، اورماڑہ، گوادر اور دیگر ساحلی علاقوں میں یوم دفاع کے حوالے سے کشتیوں کی ریسز اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔
پاک بحریہ