کراچی میں آج بھی بوندا باندی اور بارش کا امکان

165

کراچی (نمائندہ جسارت) کراچی کے مختلف علاقوں میں ہفتے کو کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی تاہم سمندری ہوائیں بند ہونے سے حبس کی صورتحال برقرار ہے، درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے، شہر میں آج بھی ہلکی بوندا باندی اور کہیں ہلکی بارش امکان ہے، آئندہ 10 روز تک بارش کا کوئی نیا سسٹم نہیں آئے گا، کل ( بروز پیر) سمندری ہوائیں بحال ہوجائیں گی۔ تفصیلا ت کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں بند اور ہوا میں نمی کا تناسب غیر معمولی حد تک بڑھ جانے سے ہفتے کو شدید حبس رہا اور گرمی کی شدت بھی زیادہ محسوس کی گئی۔ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تاہم ہیٹ انڈیکس پر گرمی کی شدت41 ڈگری تک محسوس کی گئی۔ دن بھر موسم جزوی ابر آلود بھی رہا تاہم دوپہر کے وقت نارتھ کراچی، نیو کراچی، یوپی موڑ، ناگن چورنگی، بفر زون، نارتھ ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، عزیز آباد، کریم آباد، لیاقت آباد، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر میں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ بارش کے بعد موسم کچھ بہتر ہوا البتہ حبس کی کیفیت برقرار رہی۔ محکمہ موسمیات کراچی کے ڈائریکٹر شاہد عباس کا کہنا ہے کہ بارش برسانے کا سسٹم بحیرہ عرب میں موجود ہے، اب یہ سسٹم کمزور ہوتا جارہا ہے۔ جس کی وجہ سے کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہیں اور آج اتوار کو بھی شمال مغرب سے گرم ہوائیں چلیں گی تاہم دن ڈھلنے کے بعد سمندری ہوائیں بحال ہونا شروع ہوں گی اور کل پیر کو مکمل بحال ہو جائیں گی۔

بوندا باندی