کشمیرپالیسی پرفیصلہ کن موڑآگیا ہے، وزیراعظم عمران خان

473

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر قوم سے خطاب کررہے ہیں۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیرپالیسی پرفیصلہ کن موڑآگیا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ قوم کو اعتماد میں لوں۔

انھوں نے کہا کہ جب سے میری حکومت آئی تو پہلی کوشش یہی تھی کہ ملک میں امن پیدا کریں تاکہ لوگوں کیلئے روزگار اور تجارت بڑھائیں اور بھارت کو بھی انہی مسائل کا سامنا ہے، کوشش تھی کہ سب سے دوستی کریں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بی جے پی کی انتخابی مہم مسلمان اورپاکستان مخالف تھی،بھارت نےایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی بھر پور کوشش کی لیکن ان کو ناکامی کا سامنا کرنا  پڑا ۔

ہندوستان نے پلواما واقعے کا جائزہ لینے کے بجائے ہم پر انگلی اٹھائی، ہم نے بھارت کو کہا ثبوت ہے تو ہم ایکشن لینے کے لئے تیار ہیں، مودی نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت ختم کرکے بہت بڑی تاریخی غلطی کی، اب کشمیریوں کے لیے آزادی کا تاریخی موقع ہے، بھارت نے پانچ اگست کو پیغام دیا کہ ہندوستان صرف ہندوؤں کا ہے اور سیکولرازم کو ختم کر دیا۔

بھارت کی پالیسی ایک نظریے آر ایس ایس پر قائم ہے جس میں مسلمانوں کیخلاف نفرت ہے، اسی نظریے نے گاندھی کو قتل کیا، بابری مسجد کو شہید اور گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کیا، یہی نسل پرستی کا نظریہ آج ہندوستان پر حکومت کررہا ہے۔

ہمیں ایک  ہوکرکشمیریوں کوپیغام دینا چاہیے کہ ہم ان کے ساتھ ہیں، میں ذمے داری لیتا ہوں کہ کشمیرکے مسئلے کومیں اٹھاؤں گا،پاکستانی عوام دنیا کو پیغام دیں پاکستان کی عوام اور حکومت کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں۔