مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف کراچی میں ریلیا اور مظاہرے

135

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کے خلاف اورکشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے شہر میںمختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔مظاہرین کا کہنا تھا اقوام متحدہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلائے، کشمیر کا مسئلہ مذاکرات نہیںبلکہ عملی اقدامات سے حل ہوگا، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ ہوئی تو اس سے خطہ ہی نہیں بلکہ پورا دنیا متاثر ہوگی۔تفصیلات کے مطابق یونائیٹڈ ہیومن رائٹس کمیشن نے اتوار کو کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا۔مظاہرے کی قیادت کمیشن کے چیئر مین عبد الرحمن بلوچ و دیگر کر رہے تھے ،مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے ۔مظاہرین نے نریندر مودی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے فیصل احمد، راہب حسین و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی نے عالمی قوانین کو روندتے ہوئے آرٹیکل کی شق370اور 35اے ختم کی اور مقبوضہ کشمیر کوکشمیریوں کی مقتل بنادیا ہے لیکن عالمی تنظیمیں اور انسانی حقوق کے اداروں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے تاہم ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر پلیٹ فارم پر حمایت جاری رکھیں گے ۔علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف کشمیر سینٹر کراچی نے اتوار کو میٹرو پول ہوٹل سے احتجاجی ریلی نکالی جو کراچی پریس کلب پہنچی۔ ریلی کی قیادت آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن عامر غفار لون کر رہے تھے۔ریلی میں خواتین و مرد وں کی کثیر تعداد شریک ہوئی جنہوں نے ہاتھوںمیں بینرز ، پلے کارڈز اور پاکستانی و کشمیر ی پرچم اٹھا رکھے تھے ۔اس موقع پر ریلی کے شرکا نے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور بھارتی پرچم بھی نذر ِ آتش کیا۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عامر عبد الغفار لون، سید جاوید حسین شاہ و دیگر نے کہا کہ بھارت دہشت گرد ملک ہے، آزادی کی تحریک میں ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی ہے، مائوں ، بہنوں نے ظلم برداشت کیے لیکن اب بھارتی جبر پر خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔مزیدبرآں مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کے خلاف انٹر نیشنل پیس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام اتوار کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرے میں خواتین و بچوں سمیت مزدور وں اور مختلف مکاتب فکر کے افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔