دائود یونیورسٹی جدید تقاضوںسے ہم آہنگ تعلیمی ادارہ ہے‘ڈاکٹر فیض اللہ

146

کراچی(اسٹاف رپورٹر)دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملک کی تیزی سے ترقی کرتی جامعہ اور انجینئرنگ کے شعبے میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی ادارہ ہے جس میں سال برائے 2019-20ء کیلیے داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد اتوار 25 اگست 2019ء کو کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی میں کیا گیا۔ دائود انجینئرنگ یونیورسٹی کے 9 شعبوں میں داخلے کیلیے سندھ بھر اور ملک کے کئی شہروں سے آئے تقریباً 5 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کے ذریعے لیے جانے والے ٹیسٹ میں حصہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ طلبہ کی قابلیت اور ان کی ذہنی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کی ہے اور دائود یونیورسٹی کا داخلہ ٹیسٹ بہترین اور ذہین طلبہ کا انتخاب کرنے کی ایک کوشش ہے ، یونیورسٹی میں داخلے کے عمل میںخالصتاً میرٹ کا مدنظر رکھتے ہوئے داخلہ ٹیسٹ میں میرٹ اور انتہائی شفافیت کے اصول پر عمل پیرا ہیں، داخلوں میںشفافیت کا کلچر قائم ہوگیا ہے ، 540 نشستوں کیلیے 5 ہزار سے زائد طلبا کا آنا جامعہ دائود کے تعلیمی نظام پر اعتماد کا اظہار ہے۔