شہادت ہماری ڈیوٹی کا حصہ ہے، ایڈیشنل آئی جی سکھر

116

سکھر (نمائندہ جسارت) ایڈیشنل آئی جی سکھر ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا ہے کہ شہادت ہماری ڈیوٹی کا حصہ ہے اور سندھ پولیس کے افسران اور جوان ملک و ملت اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے شہادتیں دینے کو تیار ہیں، ڈی ایس پی کی شہادت پر فخر ہے لیکن اس سے ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن بند نہیں کریں گے۔ شکارپور میں ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی راؤ شفیع اللہ کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد پولیس ہیڈ کوارٹر میں ڈی آئی جی سکھر اقبال دارا اور ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان بلوچ ودیگر پولیس افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لوک فنکار جگر جلال کا بیٹے اور دیگر ساتھیوں سمیت اغوا کا واقعہ شکارپور کی تحصیل خانپور کے ناپر کوٹ تھانے کی حدود میں ہوا تھا، اس لیے کچے میں مغویان کی بازیابی کے لیے ڈی ایس پی خانپور شہید راؤ شفیع اللہ کی قیادت میں پولیس آپریشن کررہی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہادتوں سے ہمارا حوصلہ پست نہیں بلند ہوا ہے، کسی بھی ایسے شہادت کے واقعہ کے بعد آپریشن بند نہیں کریں گے۔ تاہم اس وقت آپریشن میں دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال کے باعث پریشانی درپیش آرہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہمارا پہلا مقصد مغویان کی بحفاظت بازیابی ہے۔ مغویان کی بازیابی کے لیے علاقے کے کچھ بااثر لوگ بھی پولیس کا ساتھ دے رہے ہیں۔