ڈی سی نے جامشورو سینڈوز شاہراہ کی مرمت کا حکم دے دیا

189

کوٹری (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر جامشورو نے جامشورو سینڈوز شاہراہ کی مرمت کا حکم دے دیا، ادویات بنانے والی معروف کمپنی (سینڈوز) فوری شاہراہ کی مرمت کے کام کا آغاز کرے گی۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن (ر) فرید الدین مصطفی کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں سپرنٹنڈنٹ انجینئر ورکس اینڈ سروسز جامشورو علی بہادر میمن، ایگزیکٹیو انجینئر ورکس اینڈ سروسز شام لعل ایگزیکٹو انجینئر ہائی وے ڈویژن انور اویسی ادویات کمپنی کے جنرل منیجر ساجد احمد جونیجو، ٹائون آفیسر جامشورو اشوک کمار سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی سی جامشورو نے عوامی شکایت اور شاہراہ کی ابتر صورتحال پر فوری اسے مرمت کرکے آمدورفت کے لیے بہتر بنانے کے احکامات دیے اور شاہراہ کی مرمت کا کام جلد شروع کرنے اور ازسرنو تعمیر کے لیے شاہراہ کی فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت دی۔ ڈی سی جامشورو نے ورکس اینڈ سروسز کے انجینئرز کو کہا کہ وہ مذکورہ شاہراہ کا معائنہ کرنے کے ساتھ شاہراہ کی ٹوٹ پھوٹ کے اسباب معلوم کر کے رپورٹ پیش کریں تاکہ شاہراہ کی تعمیر سے قبل پیچیدگیوں کو دور کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ امسال گزشتہ مالی سال کی ترقیاتی اسکیموں پر کام ہورہا ہے امسال کوئی نئی اسکیم کی منظوری نہیں ملی ہے اور مالی بحران کے سبب نئی اسکیموں کے لیے بجٹ میں رقم بھی مختص نہیں کی گئی ہے۔ اجلاس میں ادویات کمپنی کے جی ایم ساجد جونیجو نے کہا کہ مذکورہ شاہراہ پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے شاہراہ کی مرمت میں کمپنی بھرپور معاونت فراہم کرے گی اور رواں ہفتے سے شاہراہ پر مٹی ڈال کر ہموار بنانے کے کام کا آغاز کردیا جائیگا۔ واضح رہے کہ مذکورہ شاہراہ کافی عرصہ سے ٹوٹ پوٹ کا شکار ہے اور حالیہ بارشوں کے بعد شاہراہ مزید خراب ہوچکی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ عوامی شکایت پر ڈپٹی کمشنر جامشورو نے معروف شاہراہ کی مرمت کے لیے اجلاس طلب کرتے ہوئے فوری مرمت کا حکم دیا ہے۔