کشمیریوںکوطویل جدوجہد کاثمر بہت جلدملنے والاہے، حافظ نعیم

184
عثمان پبلک اسکول سسٹم کیمپس 9 میں’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کانفرنس سے امیرجماعت اسلامی کراچی انجینئرحافظ نعیم الرحمن خطاب کررہے ہیں
عثمان پبلک اسکول سسٹم کیمپس 9 میں’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کانفرنس سے امیرجماعت اسلامی کراچی انجینئرحافظ نعیم الرحمن خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان و ہندوستان دو ایٹمی قوتیں ہیں ان کے درمیان جنگ مہذب دنیا کے لیے چیلنج ہے، کشمیریوں کی30 سالہ پرامن جدوجہد سے بھارت کا ظلم جب کم نہ ہوا تو کشمیری نوجوانوں نے مجبور ہو کر ہتھیار اٹھا لیا، جس کا پروپیگنڈا کرکے ہندوستان نے پوری دنیا میں کشمیر کی تحریک کو پاکستان کی دراندازی کا نام دے رہا ہے،افسوس کہ بھارت صرف طاقت کی زبان سمجھتاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عثمان پبلک اسکول سسٹم کیمپس 9 میں منعقدہ کشمیر بنے گا پاکستان کانفرنس میں اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ امریکا ہمارا دوست نہیںہوسکتا، امریکا کا دوست ہمیشہ برباد ہوا ہے، ہمیں کشمیر کی آزادی کے لیے طاقت کا استعمال کرنا پڑے گا، اب کتنے کشمیریوں کی جانیں دے کر یہ فیصلہ کرنا ہے یہ ہمارے ادارے طے کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اسی لیے شارع فیصل پر یکم ستمبر کو باضمیر لوگوں تک یہ پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں، ہم ہر سطح پر اپنے بھائیوں کی مدد کریں گے، ہم کشمیر کی تاریخ کا حصہ بنیں گے، احتجاج معروف طریقہ ہے موجودہ دنیا کا، ہم اپنا حصہ ادا کر رہے ہیں، زندگی ایسے نہیں گزرتی کہ گھر، غیرت، عزت دے دیں، ہم ایک پیش رفت سے اور پیش قدمی ہی سے دو ٹوک بات چیت تک آسکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اساتذہ کو چاہیے اپنے طلبہ کو ایک امت ہونے کا درس دیں اور باور کرائیں کہ مسلمان ایک جسم ایک جان ہیں،پروگرام کے شرکا سے ادارے کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سید معین الدین نیرنے بھی خطاب کیا۔انہوں نے طلبہ اور اساتذہ کی کشمیر کاز میں دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکول کے بچوں کے لیے کشمیر بنے گا پاکستان مہم کا اعلان کیا۔