سندھ حکو مت اور میئرکراچی کے خلاف مختلف علاقوں میںمظاہرے

202

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) کراچی کے عوام کی جانب سے مسلسل شہرکے مختلف علاقوں میں گندگی، غلاظت اور سیوریج کے نظام کی بدحالی، سندھ حکومت اور مئیر کراچی کی نااہلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے ، اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایسٹ میں نزد محمدی مسجد، جٹ لائنز، یوسی:9، لائنز ایریا،ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ناظم آباد گُلبہار ٹاؤن بڑا میدان نزد ریلوے پھاٹک، ڈسٹرکٹ کورنگی میں لانڈھی ٹاؤن یوسی 17 گورنمنٹ بوائز اسکول لانڈھی نمبر ڈھائی، ایریا 48B، نزد کالٹیکس پیٹرول پمپ، یوسی 30، کورنگی نمبر ڈھائی اورڈسٹرکٹ ویسٹ میں اورنگی ٹاؤن اکبر شہید چوک سیکٹر 14 نزد بھاشانی ہوٹل اورنگی، بلدیہ ٹاؤن اوریوسف گوٹھ میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جس میں پی ایس پی کے نیشنل کونسل کے اراکین شمشاد صدیقی،آصف حسنین، محمود عبد الرزاق نے شرکت کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سندھ ، بلدیاتی اداروں اور میئر کراچی کے خلاف نعرے بازی کی ۔اس موقع پر شمشاد صدیقی،آصف حسنین اور محمود عبد الرزاق نے مظاہرین سے گفتگو کرتے کہا کہ سندھ حکومت اور مئیر کراچی نے کراچی کو موہنجودڑو میں تبدیل کردیا ہے،انہوں نے کہا کہ جگہ جگہ کچرے، آلائشوں و گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ سڑکیں و گلیاں گٹر کے گندے پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ کچی آبادیوں میں سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے اور ایسا لگ رہا کہ کراچی کا کوئی پرسانِ حال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بارشوں کے بعد گندگی وغلاظت کے ڈھیر کے باعث وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیںاورڈینگی، کانگو وائرس ،ڈائریا،گیسٹرواور ہیپاٹائٹس کے مریضوں میں 300فیصد اضافہ ہوچکاہے۔