مرگی قابل علاج مرض ہے، مبتلا افراد ڈرائیونگ میں احتیاط کریں

194

نوابشاہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) دماغی امراض کے بین الاقوامی ماہر پروفیسر ڈاکٹر وکٹر نے بتایا کہ مرگی قابل علاج مرض ہے، اس مرض سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ہر سو میں سے ایک شخص اس کا شکار ہوتا ہے۔ وہ نوابشاہ پریس کلب میں میڈیا سے بات کررہے تھے، ان کے ہمراہ نیورو سرجن ڈاکٹر شمس رضا بروہی بھی موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرگی کا دورانیہ تین سے چار منٹ کا ہوتا ہے اور اس کا فوری حل اور تشخیص موجود ہے، دنیا میں ہر سال تین لاکھ افراد اس مرض سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، مرض میں مبتلا افراد ڈرائیونگ کرنے میں احتیاط کریں۔ مختلف ممالک میں بچوں کے دماغ کو نقصان پہنچنے کے باعث یہ مرض پھیلتا ہے، کثرت سے شراب نوشی کرنے والے افراد اس مرض میں مبتلا ہوتے ہیں اور حادثات کے دوران دماغ میں چوٹ لگنے سے بھی اس مرض میں مبتلا ہونے کا خطرہ ہوتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل چلانے کے دوران ہیلمٹ کا استعمال ضرور کریں تاکہ حادثے کی صورت میں دماغ محفوظ رہے سکے۔