چیف الیکشن کمشنر کا نئےاراکین سے حلف لینے سے انکار

603

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے صدر مملکت کی جانب سے مقرر کیے گئے دو نئے اراکین الیکشن کمیشن سے حلف لینے سےانکار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے بلوچستان سے منیر احمد کاکڑ اور سندھ سے خالد محمود صدیقی کو الیکشن کمیشن کا ممبر نامزد کیا تھا جس کے بعدصدر مملکت کی جانب سے دونوں نئے ارکان کی الیکشن کمیشن تقرری کی گئی ۔

ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کا مؤقف ہے کہ نئے ارکان کا تقرر آئین کے خلاف کیا گیا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے دونوں نئے اراکین الیکشن کمیشن سے حلف لینے سے معذرت کرتے ہوئے وزارت پارلیمانی امور کو فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کےآئین کے مطابق ممبران کا تقرروزیراعظم اور اپوزیشن لیڈرکی باہمی مشاورت اور 45روز کے اندرضروری ہے لیکن وزیر اعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان مشاورت نہ ہونے کے باعث معاملہ7 ماہ تک لٹکا رہا جبکہ پارلیمانی کمیٹی بھی کسی نتیجہ پر نہیں پہنچ سکی تھی۔ جس کے بعد حکومت نےالیکشن کمیشن کے 2ممبران کی تقرری کردی۔