خیبرپختونخوا : محرم میں امن وامان کی صورت حال یقینی بنانے کی ہدایت

192

پشاور(اے پی پی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں امن و امان کی صورت حال مزید بہتربنانے کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے محکمہ پولیس کو قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں اور ایجنسیوں کے
ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے اور مربوط جدوجہد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ہم نے دہشت گردی کی کارروائیوں اور بدامنی کا باعث بننے والی تما م سرگرمیوں کو کنٹرول کرنا ہے، ایک طویل جدوجہد کے بعد صوبے میں امن واپس آیا ہے جسے ہم نے نا صرف برقرار رکھنا ہے بلکہ مزید استحکام دینا ہے، انہوں نے خصوصی طور پر ماہ محرم کے دوران امن وامان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے بھرپور تیاری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ پولیس اس مقصد کے لیے اپنی ضروریات سے آگاہ کرے،حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں امن و امان کی صورت حال کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں صوبے میں امن عامہ کی صورت حال اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ کی ہدایا ت پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا ۔ خصوصی طور پر اسٹریٹ کرائم ، دھمکی آمیز کالوں ، دہشت گردی کی سرگرمیوں ، منشیات فروشی، ذخیرہ اندوزی اورمصنوعی مہنگائی کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں اعلیٰ حکام نے شر کت کی ۔
خیبرپختونخوا