بین الاقوامی خریدار کیمیکل، فضلہ سمندر میں پھینکنے کے خلاف ہیں، ڈاکٹراختیار بیگ

191

کراچی(اسٹاف رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر ز آف کامرس اینڈانڈسٹر ی کے سینئر نائب صدر اور وزیراعظم کے سابق مشیر برائے ٹیکسٹائل ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ WWF اور ILO اور یورپی یونین کے اشتراک سے یورپی یونین کے ٹیکسٹائل اور لیدر کے ماحولیاتی معیار پر منعقدہ ورکشاپ کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں بین الاقوامی ماہر ماحولیات ڈاکٹر رائنر ہینگزمین اور پاکستان کی ٹیکسٹائل ایپریل انڈسٹری کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈاکٹر بیگ نے اپنے خطاب میں بتایا کہ بین الاقوامی خریدار کیمیکل اور فضلے کو سمندر میں پھینکنے کے خلاف ہیں کیونکہ یہ انسانی زندگی کے لیے نقصان دہ ہے۔ ماضی کی حکومت نے بین الاقوامی ماحولیاتی معیار کے لیے کراچی میں 4 کمبائنڈ ایفولینٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کا اعلان کیا تھا تاکہ فضلے کو پھینکنے سے پہلے مضر اثرات سے پاک کرلیا جائے لیکن افسوس کہ یہ پلانٹس ابھی تک نہیں لگائے جاسکے۔ ڈاکٹر بیگ نے پاکستان میں ایکوٹیکس سرٹیفکیٹ کے اجراء کی ضرورت پر زور دیا جو آج کل بین الاقوامی خریداروں کا مطالبہ ہے اور اس بات کی گارنٹی کرتا ہے کہ ایکسپورٹ کیا جانے والا فیبرک تمام مضر اثرات سے پاک ہے۔ اس موقع پر بین الاقوامی ماہر ماحولیات ڈاکٹر رائنر ہینگزمین جو بین الاقوامی برانڈ پوما اور Hogu Boss کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ رکھتے ہیں، ورکشاپ سے ٹیکسٹائل اور لیدر پر یورپی یونین کے نئے ماحولیاتی معیار پر اپنی اسٹڈی رپورٹ شیئر کی۔