حیدرآباد:شہر سے 90 فیصد پانی کی نکاسی کا دعویٰ ،سرکاری کالونیاں بد ستور توجہ کی منتظر

239
حیدرآباد ،کنٹومنٹ قبرستان کے دروازے پر بارش کا پانی ابھی جمع ہے ،عدم نکاسی کی بنا پر شہریوں کو اپنے پیاروں کی قبر پرآنا دشوار ہوگیاہے
حیدرآباد ،کنٹومنٹ قبرستان کے دروازے پر بارش کا پانی ابھی جمع ہے ،عدم نکاسی کی بنا پر شہریوں کو اپنے پیاروں کی قبر پرآنا دشوار ہوگیاہے

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی اورخصوصی معاون راشد ربانی کے ہمراہ ایم این اے طارق شاہ جاموٹ کی رہائشگاہ لطیف آباد حیدرآباد پہنچے، جہاں انہوں نے ایم این اے طارق شاہ جاموٹ کی والدہ کے انتقال پران سے تعزیت کی۔ معاون خصوصی وقار مہدی میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ حالیہ کراچی و حیدر آباد میں بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال جس میں برساتی پانی کی نکاسی، صفائی ستھرائی و دیگرمسائل کااپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ اپنی کابینہ کے ہمراہ پہلے روز سے ہی بارشوں سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور نکاسی آب کے کام کی خود نگرانی کررہے ہیں جنہوں نے انتھک محنت سے صورتحال کو بہتر بنایا ہے تاکہ عوام کسی بھی تکالیف سے دوچار نہیں ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ بارشوں کے پانی کی نکاسی کا 90 فیصدکام مکمل ہوچکا ہے جبکہ مین شاہراہوں اور سپرہائی ویز سے پانی نکال دیاگیا ہے جبکہ کچھ اندرونی گلیوںسے بھی برساتی پانی جلد سے جلد کو نکاس کیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی کے 6 اضلاع ہیں جن میں تین اضلاع میں چینی حکومت کے ساتھ مل کر صفائی ستھرائی کے حوالے سے منصوبے پر کام کیا جارہا ہے اور بتایاکہ حکومت نے کے ایم سی کو 94 کروڑ روپے فراہم کیے ہیں، جبکہ سندھ حکومت بلدیاتی اداروں کو بھی مکمل فنڈز مہیا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی زیدی ایم کیو ایم کے ساتھ ملکر حکومت سندھ کیخلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کررہے ہیں تاکہ حکومت کو ناکام بنایا جاسکے۔ ایم کیو ایم کے میئر وسیم اختر کراچی کے حوالے سے جھوٹا رونا رورہے ہیں، ایم کیو ایم والے اپنے دور میں بریف کیس بھر کر پیسے لندن پہنچاتے رہے جو کرپشن کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ 50 کروڑ روپے کے ایم سی کی تنخواہوں کی مد میں دیتی ہے۔ اس کے علاوہ کراچی میں انڈرپاس ،سڑکیں، نالوں سمیت کئی ترقیاتی کام کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا ایک بھی نمائندہ بارشوں کے دوران سڑکوں پر نظر نہیں آیاجو بھی ترقیاتی کام ہورہے ہیں وہ سندھ حکومت کروارہی ہے اور ترقیاتی کاموں میں وفاق کی جانب سے مدد بھی نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں بھی سندھ حکومت کام کررہی ہے مکمل فنڈز سمیت دیگر ترقیاتی کاموں میں بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ حیدرآباد سندھ کا دوسرا بڑا شہر ہے، حیدرآباد کے عوام کو سندھ حکومت مایوس نہیں کرے گی۔ شجرکاری کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اس مہم کوپورے صوبے میں کامیاب بنانے کے لیے بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا یہ اہم مشن ہے کہ شجرکاری مہم میں تمام شہری بھی حصہ لیں یہ ان کا بھی فرض ہے وہ پودے لگائیں اور ان کاخاص خیال رکھیں۔ ایک سوال پر معاون خصوصی راشد ربانی نے کہا کہ ہم احتساب سے کبھی نہیں گھبراتے، پی پی پی نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں۔ آصف زرداری اور فریال تالپور کے ساتھ جو ہورہا ہے اس کی ہم بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور ان کیخلاف ا نتقامی کارروائی اور جھوٹے مقدمے بند کیے جائیں۔ نیو وحدت کالونی ابھی تک بارش اور سیوریج کے پانی سے بھری ہوئی ہے جس پر نیو وحدت کالونی ایکشن کمیٹی نے سخت احتجاج کرتے ہوئے کمیٹی کے چیئرمین شاہد سومرو نے کہاکہ پانی تاحال گلیوں میں جمع ہے لوگوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہوگیا ہے لیکن محکمہ بلڈنگ کے چیف انجینئر اختر وڑائچ کی جانب سے سرکاری کالونیوں سے بارش کا پانی نکالنے کے لیے کوئی بھی ہنگامی اقدامات نہیں کیے گئے، محکمہ بلڈنگ کے افسران نے مکینوں کو ریلیف دینے کے وزیر اعلیٰ کے احکامات کو بھی ہوا میں اڑا دیا۔ انہوں نے کہاکہ شہباز بلڈنگ سمیت سرکاری کالونیوں کی صفائی کے لیے فوری طور پر خاکروب بھرتی کیے جائیں۔ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ان کالونی میں ڈرینج کی صفائی کا نہ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاحال آلائشوں کا ڈھیر لگا ہوا ہے کسی نے اٹھانے کی زحمت ہی نہیں کی، علاقے میں شدید تعفن پھیل رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پر نیو وحدت کالونی سمیت دیگر کالونیوں کی صفائی کا انتظام کیا جائے۔