بہاد ر آباد میںاہل علاقہ کے تشدد سے جاںبحق ریحان کی نماز جنازہ

199

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بہادرآباد میں علاقہ مکینوں کے تشدد سے جاں بحق ہونے والے ریحان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، جبکہ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی، مقتول کے والد کی مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات شامل کرنے کی اپیل۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو فیروز آباد کے علاقے میں علاقہ مکینوں کے تشدد سے جاں بحق ہونے والے نوجوان ریحان کی نماز جنازہ اتوارکو خداداد کالونی کی مقامی مسجد میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں اہل خانہ، رشتے داروں اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، بعدازاں مقامی قبرستان میں تدفین کردی گئی، دوسری طرف پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا ہے، پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مقتول ریحان ایک مرتبہ منشیات اور چوری کے کیس میں جیل جاچکا ہے تاہم اس کی ضمانت ہوگئی تھی، پولیس کے مطابق 17 سالہ مبینہ چور ریحان پر بنگلے کے مالک اور علاقہ مکینوں نے تشدد کیا جس سے وہ ہلاک ہوا، مرنے سے قبل ریحان کا بیان بھی لیا گیا، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ریحان کی موت سر پر چوٹ لگنے کے باعث ہوئی، تاہم پولیس کی جانب سے واقعے میں ملوث مزید 10 سے 12 افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، دوسری مقتول ریحان کے والد نے مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات شامل کرنے کی اپیل کی ہے۔