جانوروں کی آلائشوں اور کچرے سے شدید تعفن اٹھنے لگا،عبدالحفیظ معارفی

273

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے ناظم علامہ عبد الحفیظ معارفی نے کہا کہ شہر میں جانوروں کی آلائشیں اور کچرے کے ڈھیر کے باعث شدیدتعفن اٹھ رہا ہے،سیوریج نظام کی ابتر صورتحال کی وجہ سے گلی محلوں سے گزرنا محال ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات،کے ایم سی،سالڈ ویسٹ اور ڈی ایم سی کی جانب سے ایک دوسرے پر ذمے داریاں ڈالنے سے کراچی کے مسائل حل نہیں ہو ں گے۔بارشوں کے بعد سے شہر کا برا حال ہے عوامی منتخب نمائندے غائب ہیں،جگہ جگہ آلائشوں، گندے پانی اور کچرے کی وجہ سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں برساتی پانی کی نکاسی کا کوئی معقول انتظام نہیں،محکمہ موسمیات کے الرٹ کے باجود متعلقہ اداروں کا فعال و متحرک نہ ہونا افسوسناک اور کراچی کے شہریوں پر ظلم کے مترادف ہے۔انہوں نے حا لیہ بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں پر تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کی طرف سے اہلیان کراچی سے مال بٹور نے میں کوتاہی نہیں کی جاتی حکومت کی ذمے داری ہے، کرنٹ لگنے سے مرنے والوں کے لواحقین کی داد رَسی اور ان کی بھر پور معاونت کی جائے۔