اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن انتقال کرگئے

501

واشنگٹن: امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسامہ بن لادن کا بیٹا حمزہ بن لادن ہلاک ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کا بیٹا حمزہ بن لادن ہلاک ہوگیا ہے، اس حوالے سے تین امریکی عہدیداروں نے بھی حمزہ بن لادن کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حمزہ بن لادن کی ہلاکت پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے، صحافی نے صدرٹرمپ سے سوال کیا کہ کیا اسامہ بن لادن کا بیٹا حمزہ ہلاک ہوچکا ہے؟جس پر  ڈونلڈٹرمپ جواب دیا کہ ‘ میں اس معاملے پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا’۔

واضح رہے کہ القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے صاحبزادے حمزہ سے متعلق امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے اعلان کررکھا تھا کہ ان کی اطلاع دینے والے کو 10 لاکھ ڈالر بطور انعام دیا جائے گا۔

قبل ازیں حمزہ بن لادن نے اپنے والد اسامہ بن لادن  کی ہلاکت کے بعد امریکا سے بدلہ لینے کی دھمکی دی تھی، انہوں نے والد کی ہلاکت کے بعد ان کے جہادی نظریے کو پروان چڑھایا اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو جہاد میں آگے آنے کی تلقین کی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال امریکا نے اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔