کفر اور اسلام کے درمیان ازل سے کشمکش جاری ہے ،معراج الہدیٰ

154

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کفر اور اسلام کے درمیان ازل سے کشمکش جاری ہے ۔اسلام دنیا میں غالب ہونے کیلیے آیا ہے اور اسے ہر قیمت پر غالب ہی ہونا ہے،چاہے کسی کو پسند ہویا نہ ہو،ناظم کا کردار ایک رول ماڈل کا ہونا چاہیے،لوگوں کے دلوں کو جیت کر انہیں اپنا ہمنوا بنایا جائے ۔یہ بات جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے ہر سطح کے ناظمین کی ورکشاپ سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی ۔اس موقع پر قائم مقام امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی عاشق علی خان ،سیکرٹری اجمل وحید خان اور مولانا عبدالواسع نے بھی خطاب کیا ۔ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ ہم سب اقامت دین کی جدوجہد کا کام کر رہے ہیں اور زندگی کی آخری سانسوں تک ہم یہ جدوجہد کرتے رہیں گے کیونکہ اللہ نے ہمیں اس کام کیلیے ہی پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناظم کی حیثیت ایک ستون کی مانند ہے جس پر پوری بلڈنگ کھڑی ہوتی ہے ۔ایک اچھاناظم اچھی تنظیم اور اچھے نتائج پیش کرتا ہے اور خراب اور نااہل ناظم تنظیم کو بھی خراب وناکارہ کرتا ہے اور اس کے پاس سے بہتر نتائج بھی برآمد نہیں ہوسکتے ۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی چہروں سے نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی سے آئے گی۔ جماعت اسلامی کے پاس پورا ایک نظام اورٹیم موجود ہے جوکہ ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے۔ امریکاکی چاکری سے غلامی اور ذلت کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ امریکانے آزمائش کی ہر گھڑی میں ہمیشہ ہمیں دھوکا ہی دیا ہے۔مسئلہ کشمیراقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جاسکتا ہے لیکن عالمی قوتیں ہی اس کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ قائم مقام امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی عاشق علی خان نے کہا کہ ہمارے سسٹم میں ناظم کی حیثیت ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے ۔ایک اچھا ناظم تنظیم کو بہتر انداز میں چلا کر بہتر نتائج دے سکتا ہے ۔مولانا عبدالواسع نے کہا کہ قرآن وسنت کا نظام ہی معاشرے کو امن وسکون فراہم کر سکتا ہے ۔قیم ضلع اجمل وحید خان نے کہا اس طرح کی ورکشاپ اورٹریننگ کارکنان کی ذہن سازی میں انتہائی معاون ثابت ہوتی ہے اور تحریک اسلامی کے کارکن کو معاشرے میں اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہیے ۔