جو احتساب ہورہا ہے اس کو دیکھ کر انگلیاں اٹھیں گی‘ایمل خان

134

کراچی (اسٹاف رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ملک میںجو احتساب ہورہا ہے اس کو دیکھ کر انگلیاں اٹھیں گی، کیاکسی پی ٹی آئی والے کا احتساب ہوا؟پشاور بی آر ٹی پر ابھی تک نوٹس کیوں نہیں لیا گیا۔ملک بھر میں آج یوم سیاہ منایا جائے گا۔ یکم اگست کو چیئرمین سینیٹ کے خلاف پوری اپوزیشن اکٹھی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پریس کلب کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ ایمل ولی خان نے کہاکہ پاکستان میں مہنگائی کے طوفان کے خلاف ہم نکلے ہیں، مشترکہ اپوزیشن کے جلسے میں شرکت کے لیے آیا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ میاں افتخار کے بیٹے کو قتل کرنے والے قیوم نامی مجرم کو سزا نہیں مل رہی جس نے جرم کا اعتراف بھی کیا گیا۔ہم تومیڈیا پر پابندی اور سنسرشپ سمیت دیگر اینٹی میڈیا اقدامات کے خلاف ہیں۔ پشاورمیں بدترین بی آرٹی بنایا جارہا ہے،10،12ارب میں بننے والا بی آرٹی اب 100ارب سے زائد میں بنے گا۔ایشین ڈیولپمنٹ کی رپورٹ بھی آچکی ہے، اس کانوٹس کیوں نہیں لیا جارہا ہے۔پشاورمیں احتسابی ادارہ بنا ہے، اس پر جتنا خرچ کیا گیا اس کا10سے 15 فیصد بھی نہیں وصول کیا جاسکاہے۔ انہوں نے کہاکہ سیاستدانوں کو دیوار سے نہیں لگایا جاسکتا ۔