تاجر حضرات ریاست کی بھی ذمہ داریاں اٹھارہے ہیں ، صدرکوآپریٹومارکیٹ

227

کراچی (اسٹاف رپورٹر)محمد فیروز پریذینٹ کوآپریٹومارکیٹ صدر نے اپنے ایک بیان کہا ہے کہ تاجر حضرات ریاست کی بھی ذمہ داریاں اٹھارہے ہیں محنت کشوں کے لیے روزگار ، عوام کی خدمت اور ریاست کے لیے ریوینو مہیا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی صورتحال میں تاجر کافی پریشان ہیں۔ایک طرف تو حد درجہ مہنگائی کی وجہ تجارتی سرگرمیوںمیں کمی ، صارف کی قوت خرید میں کمی اور دوسری طرف ٹیکس کی ادائیگی کے طریقہ کار میں پیچیدگیوںنے تاجروں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر تاجر خوشی سے ٹیکس دینے کو تیار ہے لیکن ٹیکس کا طریقہ کار آسان اور سہل ہو۔ہم نے پہلے بھی چھوٹے دوکانداروں کے لیے فکس ٹیکس کی تجویز دی تھی لیکن اس پر اب تک کوئی عمل درآمد نہیں ہوا اگر فکس ٹیکس چھوٹے دوکانداروں پر لگایا جائے اور اس کی ادائیگی بذریعہ بنک یا پوسٹ آفس ہوتو وہ باآسانی ٹیکس ادائیگی کی رسید یا ٹوکن اپنی دوکانوں پر آویزاں کرلیں گے۔ جس سے حکومت کو کافی ٹیکس کی رقم باآسانی جمع ہو جائے گی اور دوسری طرف چھوٹے دوکانداروں کو بھی دکیلوں کی فیسوں کی ادائیگی سے نجات مل جائے گی۔ ٹیکس کے نظام میں مارکیٹ یونین کے کردار کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مارکیٹ یونین دوکانداروں اور تاجروں کی آواز ہوتی ہے اور ان کے ہی نمائندے ہی یونین میں ہوتے ہیں۔ ریاستی معاشی اداروں کی مارکیٹ یونین اور تجارتی یونین کے ساتھ مشاروت اچھے نتائج لاسکتی ہے۔