ضلع غربی مسائلستان بن چکا ہے‘فضل احد

213

کراچی( پ ر )پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی ضلع غربی کا اہم اجلاس ‘ضلعی مسائل، پانی کے بحران اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ٹرانسپورٹ اورسڑکوں کی خستہ حالی ،صفائی ستھرائی کے ناقص انتظام سمیت شہریوں کو درپیش دیگر مسائل کے حوالے سے گفتگو۔اجلاس سے کنوینیر پبلک ایڈ کمیٹی ضلع غربی فضل احد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع غربی کچرے کا ڈھیر اور مسائل کا انبار بن چکا ہے۔واٹر بورڈ نے ضلع غربی کو کربلا بنا دیا ہے ۔کئی علاقوں میں دو سے تین ہفتے بعد پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔عوام مہنگے داموں ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں۔ اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ضلع غربی کا کوئی پرسان حال نہیں۔ پبلک ایڈ کمیٹی مسائل کے حل تک جدوجہد جاری رکھے گی۔اس موقع پر شرکاء نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ شراب اور منشیات کے اڈے نوجوان نسل کو تباہ کر رہے ہیں۔ ضلع کا بنیادی انفرااسٹرکچر تباہ ہوگیا ہے۔ شہر کے معاشی حب کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ سرکاری اسکولز اور اسپتالز کی حالت ابتر ہے۔ حکومت ضلع غربی کے مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہو گئی ہے۔