کراچی میں انسداد کانگو وائرس کا الرٹ جاری

162

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے ایم سی نے اپنے زیر انتظام اسپتالوں میں انسداد کانگو وائرس کا الرٹ جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کے ایم سی کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کانگو کا مریض اسپتال آنے کی صورت میں خصوصی احتیاط رکھی جائے، مریض کے لیے اسپتال میں خصوصی وارڈ بنائے جائیں اور اسپتال میں کانگو وائرس کے حوالے سے بینر اور پوسٹر کے ذریعے آگاہی فراہم کی جائے۔ سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کا کہنا ہے کہ کانگو کا مرض جانوروں کو چپکے کیڑے چیچڑ سے انسان میں منتقل ہوتا ہے، کانگو کی علامات میں جسم میں شدید درد، آنکھوں کاسرخ ہونا، متلی اور بخار شامل ہیں۔ سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے لوگوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مویشی منڈی میں ہلکے رنگ اور کھلے کپڑے پہن کر جائیں اور ساتھ ہی دستانے اور ماسک کا بھی استعمال کریں۔