وزیر اعلیٰ کا تمام ڈویژنوں میں این آئی سی ایچ سیٹلائٹ سینٹر قائم کرنیکا اعلان

201

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ) کے سیٹلائٹ سینٹرقائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پہلے مرحلے میں سیٹلائٹ میرپورخاص میں قائم کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ انہوں نے این آئی سی ایچ کے مسائل کو حل
کرنے کے لیے طلب کیے گئے اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری ممتاز شاہ، مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب، پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو، سیکرٹری خزانہ نجم شاہ، سیکرٹری صحت سعید اعوان، ڈائریکٹر این آئی سی ایچ سید جمال رضا، ایڈیشنل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ سندھ فیاض جتوئی و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ این آئی سی ایچ میں میڈیکل اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی تعداد 1035 ہے ،اس وقت 674 کام کررہے ہیں ۔ وزیراعلیٰ 43 کوالیفائیڈ اور تجربے کار پروفیشنلز کو ترقی دینے کی اور150اسٹاف اراکین، میڈیکل اور پیرا میڈیکل کی نئی پوسٹوں کی منظوری دی ۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز سیٹلائٹ سینٹرز چلائیں گے ،پہلا این آئی سی ایچ سیٹلائٹ سینٹر میرپورخاص میں قائم کیا جائے گا اور تھرپارکر پر خاص توجہ دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے این آئی سی ایچ کے لیے نئے جنریٹر اور ایک ایم آر آئی مشین کی خریداری کی منظوری دی ۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ خزانہ کو این آئی سی ایچ کے بجٹ کو جاری کرنے کی ہدایت کی ۔ 500 بستروں پر مشتمل این آئی سی ایچ کی توسیع کے لیے اسپتال کے ڈائریکٹرکو پلان جمع کروانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری ممتاز علی شاہ کو ہدایت کی کہ وہ این آئی سی ایچ اسٹاف کے رہائشی مکانوں کو غیر قانونی مکینوں سے خالی کرائیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر بچے کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے خواہاں ہیں۔
مراد علی شاہ