امریکا نے کراچی کے بارے میں پھر دلچسپی لینا شروع کردی

299

کراچی (رپورٹ: محمد انور) امریکا نے کراچی کے امور کے بارے میں براہ راست دلچسپی لینا شروع کردی ہے۔ اس مقصد کے لیے میئر وسیم اختر کی عدم موجودگی میں امریکا کے قائم مقام قونصل جنرل ڈرائن آرکی (Arky Darian ) نے پیر کو بلدیہ عظمیٰ کے دفاتر کا دورہ کیا۔ قائم مقام میئر کراچی
سید ارشد حسن سے صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی، چیئرمین کچی آبادی سعد بن جعفر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس دورے کے دوران امریکی شخصیات نے کے ایم سی کونسل ہال سمیت تاریخی عمارت کے مختلف حصوں کا بغور جائزہ لیا۔ دلچسپ امر یہ کہ قائم مقام میئر نے امریکی قونصل جنرل کو بلدیہ کراچی اور شہر کو درپیش کسی مسئلے کی طرف توجہ نہیں دلائی البتہ یہ واضح کیا کہ موجودہ بلدیاتی قیادت شہر کے بنیادی انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے اور شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ یادرہے کہ میئر وسیم اختر ایک سے زاید مرتبہ اس بات کا کھل کر اظہار کرچکے ہیں کہ وسائل کی کمی اور صوبائی حکومت کے عدم تعاون کی وجہ سے معمول کے کام کے ساتھ ترقیاتی منصوبے مکمل نہیں کیے جارہے۔ امریکی سفیر صبح پونے 10 بجے کے ایم سی بلڈنگ پہنچے تھے تاہم کے ایم سی کی تاریخی عمارت کی تاریخی گھڑیال اس وقت ساڑھے 4 بجے کا وقت بتارہی تھی۔ یقینا معزز امریکی مہمانوں نے وال کلاک ٹاور کا دورہ کرتے ہوئے گھڑی میں ساڑھے 4 بجے کے وقت کو نوٹ کیا ہوگا۔ کے ایم سی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دورے کے موقع پر گھڑیال چل رہی تھی۔ تاہم دورے کے موقع پر کھینچی گئی تصویر خود ان کی بات کو جھوٹ قرار دے رہی تھی۔ امریکی مہمانوں کے 45 منٹ کے دورے کے موقع پر موجود ایک افسر کا کہنا تھا کہ ’’انگریزی سے نابلد افسران اور منتخب نمائندے انگریزی میں بات کا جواب نہ دینے کے بجائے اردو ہی میں گفتگو کررہے تھے جس کا ترجمہ قونصل خانے کا پاکستانی افسر کررہا تھا ‘‘۔ دلچسپ امر یہ بھی ہے کہ میئر وسیم اختر گزشتہ رات امریکا سے واپس کراچی پہنچ جانے کے باوجود امریکا سفیر کے دورے کے موقع پر موجود نہیں تھے۔ امریکی مہمانوں کے دریافت کرنے پر انہیں بتایا گیا کہ میئر وسیم اختر چھٹی پر ہیں۔ خیال رہے کہ امریکا نے سٹی گورنمنٹ کے ادوار میں کراچی اور اس کی عمارتوں کے حوالے سے دلچسپی لینا شروع کی تھی جو اچانک ختم کردی گئی تھی۔
کراچی میںدلچسپی