عافیہ کی رہائی کے بغیر وزیراعظم کا دورہ امریکا ناکام رہے گا،سراج الحق

412
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق لیڈرشپ ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کررہے ہیں
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق لیڈرشپ ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے بغیر وزیراعظم کا دورہ امریکا ناکام رہے گا ۔ افغانستان سے امریکی انخلا اور وہاں پرامن نظام پاکستان کی ضرورت ہے ۔ ہمیں کسی امریکی گیم کا حصہ نہیں بننا چاہیے ۔ ہمارے ہر حکمران نے امریکا پر اعتماد کیا مگر اس نے ہر بار دھوکا دیا ۔ امریکا نے ہمیشہ پاکستان کو مشکل وقت میں اکیلا چھوڑ کر ہمارے لیے مسائل پیدا کرنیکی کوشش کی ۔ وزیراعظم جانے سے پہلے مشاورت کرتے تو ان کو زیادہ عزت ملتی ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں جماعت اسلامی لاہور کی لیڈر شپ ٹریننگ ورکشاپ کے شرکا
سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ لیڈر شپ ٹریننگ ورکشاپ سے امیر جماعت اسلامی لاہو ر ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت ایک سال میں ہی ڈھیر ہوگئی ہے ۔ حکومت کی ساکھ ختم ہوچکی ہے ۔اس وقت پورا نظام صابن پر کھڑا ہے جو کسی وقت بھی زمین بوس ہوسکتاہے ۔ حکومت کو لانے اور سر پر بٹھانے والوں نے دیکھ لیا ہے کہ ان تلوں میں تیل نہیں۔سابق حکمران پارٹیوں کے نااہل لوگو ں کو اکٹھا کرکے حکومت بنانے والے جان چکے ہیں کہ یہ ڈلیور کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے اس لیے جلد ہی ان کا باب بند ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہاکہ خوف کے عالم میں معیشت ترقی نہیں کر سکتی ۔ حکومت تمام تر کوششوں کے باوجود تاجروں کا اعتماد بحال نہیں کر سکی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے سب سے زیادہ بے روزگار نوجوانوں کو مایوس کیاہے ۔ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے کسی ایک نوجوان کو نوکری نہیں دی بلکہ 5 لاکھ سے زائد لوگوں کو روزگار سے محروم کیا۔ کسان اور مزدور کا کوئی پرسان حال نہیں جس کی وجہ سے زراعت اور صنعت زبوں حالی کا شکار ہیں اور مہنگائی نے کاروبار زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم ، علاج اور انصاف ہر شہری کی ضرورت ہے مگر حکومت اس حوالے سے اپنا کوئی وعدہ پورا نہیں کرسکی ۔ انہوںنے کہاکہ ہماری سیاست اور معیشت یرغمال ہے ۔ قوم کسی نجات دہندہ کو دیکھ رہی ہے ۔ موجودہ حکمرانوں کے پاس مسائل کا کوئی حل نہیں ۔ لیڈر شپ ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ جماعت اسلامی کی کرپشن سے پاک محب وطن قیادت ہی ملک و قوم کے مسائل حل کر سکتی ہے ۔ تبدیلی کا نعرہ دھوکا اور فریب ہے ۔ قرآن و سنت کا نظام اور مخلص قیادت ہی ڈوبتی کشتی کو بچا اور ملک و قوم کو مہنگائی ، غربت ، جہالت اور بے روزگاری و بدامنی جیسے مسائل سے نجات دلاسکتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لیے جماعت اسلامی نے جو قربانیاں پیش کی ہیں ، وہ رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان میں اسلامی انقلاب کا سورج طلوع ہو گا اور پاکستان نظام مصطفیٰؐ کا گہوارہ بنے گا ۔
سراج الحق