تیسر ٹائون اسکیم 45کے 20 ہزار 174 پلاٹوں کی قراعہ اندازی

208

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ اور چیئرمین ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی شہر کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ہمیں اسی تیزی سے عوام کو لاکھوں کی تعداد میں سستے اور آسان اقساط پر پلاٹس اور گھر فراہم کرنے ہوں گے۔ شہر سے غیر قانونی تعمیرات اور قبضے اسی صورت ختم ہوسکتے ہیں، جب ہم عوام کو قانونی مکانات بنانے کے لیے وسائل فراہم کریں گے۔ ایم ڈی اے میں ماضی میں تجربات بہتر نہ ہونے کے باعث اسکیم 45 کے اعلان کے بعد عوام تحفظات کاشکاررہے لیکن ہم نے عوام کو اعتماد میں لیا اور ہمیں خوشی ہے کہ مذکورہ اسکیم میں ایک لاکھ 76 ہزار سے زائد لوگوں نے فارم جمع کروائے۔ ایل ڈی اے سمیت مختلف رہائشی اسکیموں کے مسائل کو سنجیدگی سے دیکھا جارہا ہے اور جلد ہی ہم ان تمام اتھارٹیز کے مسائل کو حل کرکے عوام کو سستی اور آسان اقساط کی رہائش فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مقامی ہوٹل میں ایم ڈی اے کی تیسر ٹاؤن اسکیم 45 کے 20 ہزارایک سو 74 پلاٹوں کی قرعہ اندازی کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ایم ڈی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محمد سہیل، آباد کے چیئرمین حسن بخشی،ڈائریکٹر لینڈ ایم ڈی اے ایوب فاضلانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈی جی ظفر احسان، کے ڈی اے کے ڈی جی عبدالقدیر منگی، ڈی سی ویسٹ زاہد میمن سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کرکے کامیاب ہونے والوں کے ناموں کا اعلان کیا۔ اس موقع پر لنک کے ڈاؤن ہونے کے باعث کچھ لمحے تاخیر ہوئی، جس پر صوبائی وزیر نے موجود تمام حاضرین اور میڈیا سے معذرت طلب کی۔ڈائریکٹر لینڈ ایم ڈی اے نے اس اسکیم کے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اسکیم میں 80 گز کے 4866، 120 گز کے 14660، 240 گز کے 442 اور 400 گز کے 204 پلاٹس کے لیے 1 لاکھ 76 ہزار لوگوں نے بینک میں فارم بھرے۔ انہوں نے بتایا کہ 80 گز کے پلاٹس کے لیے 42497 جبکہ 120 گز کے پلاٹس کے لیے 87987 درخواستیں بھری گئی۔ اسی طرح 240 گز کے پلاٹس کے لیے 27068 اور 400 گز کے پلاٹس کے لیے 20856 فارم پر کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ کامیاب ہونے والے تمام پلاٹ ہولڈرز کو جلد ہی ان کی کامیابی کے خطوط ان کے پتے پر ارسال کردیے جائیں گے اور انہیں اقساط کی ادائیگی کا شیڈول بھی دے دیا جائے گا جبکہ جو ناکام ہوئے ہیں انہیں آئندہ 1 ماہ میں جس بینک میں انہوں نے فارم جمع کروایا تھا اسی بینک سے رقم واپس مل جائے گی۔

وزیر بلدیات سعید غنی تیسر ٹائون اسکیم 45 کی قرعہ اندازی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں