کراچی: عدالت عظمیٰ نے انتظامیہ کو سی بریز بلڈنگ گرانے سے روک دیا

234

کراچی (نمائندہ جسارت) عدالت عظمیٰ نے سی بریز بلڈنگ گرانے سے متعلق عبوری حکم امتناع جاری کر دیا، ایم اے جناح روڈ پر واقع سی بریز بلڈنگ گرانے سے متعلق نظرثانی درخواست کی سماعت عدالت عظمیٰ کراچی رجسٹری میں ہوئی جہاں عدالت نے سی بریز بلڈنگ گرانے سے متعلق عبوری حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے انتظامیہ کو آئندہ حکم تک عمارت گرانے سے روک دیا جبکہ ڈائریکٹر ملٹری لینڈ، کنٹونمنٹ بورڈ کراچی، اٹارنی جنرل ، ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، ایڈووکیٹ جنرل سندھ و دیگر کو
بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 2 ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ،درخواست گزار کا کہنا تھا کہ کسی رپورٹ میں نہیں کہ عمارت مخدوش ہوچکی، نیسپاک معائنہ کرچکی، رپورٹ کا انتظار کر لیا جائے، عمارت میں دکانیں اور گودام قائم ہیں 200 افراد متاثر ہوں گے۔ دوران سماعت جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ لیز کے مطابق اس عمارت میں میڈیکل سینٹر بنایا جانا تھا۔ درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ اپنے حصے کی جگہ شوکت خانم یا ایدھی سینٹر کو دینے کو تیار ہیں، عدالت نے کہا گیلانی صاحب، یہاں معاملات جس طرح چل رہے ہیں آپ کے علم میں نہیں، کراچی کے معاملات دیگر شہروں سے مختلف ہیں، عدالت نے نیسپاک کی رپورٹ بھی طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
سی بریز بلڈنگ