پانچویںاور آٹھویں جماعت کے29ہزارطلبہ مارک شیٹ کے منتظر

177

کراچی(رپورٹ:حماد حسین)کراچی میں سرکاری اسکولوں میںڈائریکٹوریٹ آف کریکیولم اسسمنٹ اینڈ ریسرچ کے تحت اسٹینڈرائزڈاینول ایگزامینیشن(ایس ای اے) میں پانچویں اور آٹھویںکلاس میں 29 ہزار سے زائدطلبہ وطالبات کو تاحال مارک شیٹ کا اجراء نہ ہوسکا۔طلبہ وطالبات کو اگلی کلاسوں میں داخلے لینے میں پریشانی کا سامنا،مارک شیٹ کے اجراء کی ذمے داری ڈائریکٹوریٹ آف کریکیولم اسسمنٹ اینڈ ریسرچ کی تھی۔اسکول سربراہان نے اپنے مدد آپ کے تحت مارک شیٹ بنائی۔ذرائع کے مطابق سندھ بھر کے سرکاری اسکولوں میں ڈائریکٹوریٹ آف کریکیولم اسسمنٹ اینڈ ریسرچ کے تحت اسٹینڈرائزڈاینول ایگزامینیشن کا انعقاد 13اور 14اپریل کو کیا گیا تھا۔جبکہ اس کے نتائج کا اعلان 20اپریل کو ہونا تھا۔تاہم نتائج کا اعلان جولائی میں کیا گیا تھا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹوریٹ آف کریکیولم اسسمنٹ اینڈ ریسرچ نے امتحانات کے کچھ عرصے بعد ہی امتحانات کے حوالے سے ریفارم سپورٹ یونٹ سے رابطہ کیا تھا اور ان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ بجٹ کی کمی کے باعث وہ ایس ای اے کے کام میں دشواری کا سامنا ہے ۔جس پر ڈائریکٹوریٹ آف کریکیولم اسسمنٹ اینڈ ریسرچ کی جانب سے یہ کام ریفارم سپورٹ یونٹ کو واپس کردیا گیا تھا۔جس کے بعد ریفارم سپورٹ یونٹ کے افسران کی جانب سے آئی بی اے کے تحت بھرتی ہونے والے ہیڈ ماسٹر اور ہیڈ مسٹریس سے رابطہ کیا گیا تھا اور ریفارم سپورٹ یونٹ کے دفتر میں بلاکر ان سے نتائج کی ڈیٹا انٹری کا کام لیا گیا تھا۔ذرائع کا مزید کہناتھا کہ تمام طلبہ وطالبات کی مارک شیٹ کا اجراء بھی ڈائریکٹوریٹ آف کریکیولم اسسمنٹ اینڈ ریسرچ کے ذمے تھا تاہم اب تک کسی بھی اسکول کو مارک شیٹ جاری نہیں کی گئی ہے بلکہ ان کو ان کے اسکول کے نتائج جاری کردیے ہیں اور انہیں خود مارک شیٹ جاری کرنے کا بھی کہاہے۔ نتائج کے مطابق کراچی کے 6اضلاع کے سرکاری پرائمری وسکینڈری اسکولوں میں پانچویں اورآٹھویں کے مجموعی طورپر 44ہزار 4 سو 83 طلبہ وطالبات نے شرکت کی جن میں 29ہزار 3سو 54 طلبہ وطالبات کو پاس اور 15ہزار ایک سو 29طلبہ و طالبات کو فیل قرار دیاگیاہے۔ آٹھویں جماعت کے اسٹینڈرائزڈ اینول ایگزامینشن (ایس اے ای ) میں مجموعی طورپر2864طلبہ وطالبات نے شرکت کی جن میں 2511طلبہ وطالبات پاس ہوئے ۔اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر خالد محمود میمن کا کہنا تھا کہ مارک شیٹ کا اجراء کیا جانا تھا تاہم ناگزیر وجوہات اور کچھ ٹیکنکل وجوہات کی بناء پر مارک شیٹ جاری کرنا مشکل ہو گیا ہے۔اب اسکول کے سربراہان کا کام ہے کہ وہ مارک شیٹ بچوں کو دیں۔ڈپٹی ڈائریکٹرسے سوال کیا گیا کہ اسکول سربراہان کو بھی فنڈز کی ضرورت ہو گی وہ کس مد سے مارک شیٹ بنوائیں گے؟ تو ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ان کو اس کام کے لیے کسی بھی قسم کے فنڈز کا اجرا نہیں کیا۔