غیرتدریسی عملے کی غیرقانونی بھرتیوںسے متعلق درخواست مسترد

112

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عدالت عظمیٰ نے محکمہ تعلیم میں 500 سے زائد غیرتدریسی عملہ کی غیرقانونی بھرتیوں سے متعلق 10 سے زائد ملازمین کی سروس ٹریبونل کے فیصلے کیخلاف درخواست مسترد کردی۔ عدالت عظمیٰ کراچی رجسٹری میں جسٹس گلزار احمد اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل 2 رکنی بینچ کے روبرو محکمہ تعلیم میں 500 سے زائد غیرتدریسی عملہ کی غیرقانونی بھرتیوں سے متعلق 10 سے زائد ملازمین کی سروس ٹریبونل کے فیصلے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف دیا کہ محکمہ تعلیم نے 2011ء میں 168 اسامیوں پر 596 ملازمین کو بھرتی کیا۔جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ واک ان انٹرویو تو سیدھا سیدھا چوری کا معاملہ ہے ،ایسے تقرر ویسے ہی مشکوک ہوتے ہیں۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف دیا کہ ٹریبونل کے حکم پر ہونے والی اسکروٹنی میں ہمارے تقرر کو قانونی قرار دیا گیا۔ تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر اپیل دائر کی تو برطرف کردیا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے 17 ماہ تاخیر سے اپیل دائر کی، آپ لوگ سو رہے تھے کیا؟ تاخیر سے اپیل دائر کرنے پر مسترد کرنے کا ٹریبونل کا فیصلہ درست قرار دیتے ہیں۔ عدالت نے 10 سے زائد ملازمین کی سروس ٹریبونل کے فیصلے کیخلاف درخواست مسترد کردی۔