زرعی پانی کی عدم دستیابی کے باعث زمینیں بنجر ہوگئیں، آبادگار

270

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) سندھ کے دیگر علاقوں کی طرح لاڑکانہ ضلع کے آبادگار بھی زرعی پانی کی قلت کیخلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ لاڑکانہ ضلع کے مختلف دیہات کے آبادگاروں نے زرعی پانی کی قلت کیخلاف ایریگیشن کمپلیکس کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کرکے محکمہ آبپاشی افسران کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر گائوں ننگر سانگی، میہر بروہی، جمعو لانگاہ، میرواہ شاخ، نوڈیرو شاخ، جمن جوگی سمیت دیگر گاؤں کے آبادگاروں کا کہنا تھا کہ محکمہ آبپاشی کے افسران کی زیادتیوں اور زرعی پانی کی عدم دستیابی کے باعث زمینیں بنجر ہوگئی ہیں اور ہمیں بوند بوند پانی کے لیے ترسایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھان کی فصل کے لیے لگائے گئے بیج پانی نہ ہونے کی وجہ سے سوکھ رہے ہیں، جس سے ہمیں کروڑوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا اور دن گزرنے پر ہم دھان کی کاشت بھی نہیں کرسکیں گے۔ ہماری زندگی زراعت سے وابستہ ہے اگر پانی فراہم نہ کیا گیا تو لاکھوں افراد بھوک اور بدحالی کا شکار ہوجائیں گے۔ آبادگاروں نے حکام بالا سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں زرعی پانی کی فراہمی کو جلد از جلد ممکن بناکر ہمارا معاشی قتل عام بند کیا جائے۔