عدالتی حکم پر تعینات ڈائریکٹرپرائیویٹ کالجز سندھ کو ہٹادیا گیا

154

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) عدالتی حکم پر تعینات کیے جانے والے ڈائریکٹرپرائیویٹ کالجز سندھ پروفیسر زاہداحمد کو عہدے سے ہٹادیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چند ماہ قبل سندھ سروسز ٹریبونلز کے حکم پر تعینات کیے جانے والے ڈائریکٹرپرائیویٹ کالجز سندھ پروفیسر زاہد احمد کو عہدے سے ہٹا کر پرنسپل گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج لانڈھی مقرر کردیا گیا اور انکی جگہ حیدرآباد کے پروفیسر عبدالقادرشاہ کو نیا ڈائریکٹرپرائیویٹ کالجز سندھ تعینات کردیا گیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال انٹربورڈکراچی کے بورڈ آف گورنرز کے ممبر کے انتخاب میں بطورامیدوار حصّہ لینے پر انتخاب سے تین روز قبل پرنسپل کے عہدے سے برطرفی اورانتخاب سے باہر کردینے کے خلاف پروفیسر زاہداحمد نے سندھ سروسز ٹریبیونلز میں اپیل دائر کی تھی جس پر ٹریبونلز نے پروفیسر زاہد احمد کے بطور ڈائریکٹریا ضلع وسطی کے کالج میں بطور پرنسپل تعینات کرنے کے احکامات صادرکیے تھے۔ ڈائریکٹر پرائیویٹ کالجز تعیناتی کے بعد پروفیسر زاہد احمد نے صوبے بھر کے پرائیویٹ کالجز کے دورے کر کے زیادہ فیس وصول کرنے والے اور قواعد وضوابط پر عمل نہ کرنے والے پرائیویٹ کالجز کے خلاف کارروائی کا آغاز کرکے متعدد کالجز کے رجسٹریشن بھی منسوخ کردیے تھے۔ پروفیسر زاہد احمد نے اپنے تبادلے کو بدنیتی پر مبنی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے عدالت سے رجوع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔