تاجر ٹیکس دیں معیشت ترقی کرے گی، رشید بٹ

726

 

اسلام آباد(کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ ہول سیلر اور ریٹیلر ٹیکس دینے پر آمادہ ہو جائیں تو ملکی معیشت حیرت انگیز رفتار سے ترقی کرے گی جبکہ معاشرے پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔اس سے اشیائے ضروریہ کی قیمت کم ہو جائے گی جبکہ صنعت اور دیگر شعبوں پر ٹیکسوں کا بوجھ بھی کم ہو جائے گا ۔تاجروں کی جانب سے ٹیکسوں کی ادائیگی کے بعد حکومت کو بھی غریب عوام پربالواسطہ ٹیکس لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی جس سے انھیں کو ریلیف ملے گا۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ٹیکسوں کے متوازن اور مناسب نظام کے بغیر دولت کی منصفانہ تقسیم ممکن ہی نہیں۔ اس وقت ٹیکس کا جونظام نافذ ہے جس سے امیر اور غریب کے مابین فرق بڑھ رہا ہے مگر تاجر ٹیکس نیٹ میں آ جائیں تو بالواسطہ ٹیکس جو اس وقت مجموعی ٹیکسوں کا ساٹھ فیصد ہیں کم ہونے سے یہ نظام متوازن ہو جائے گااور غریب عوام کو ریلیف ملے گا جو اپنی آمدنی کا بڑا حصہ بنیادی ضروریات پر لگا رہے ہیںجو ظلم ہے۔ انھوں نے کہا کہ توانائی اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ اور دیگر اقدامات کے بعد روٹی کی قیمت میں زیادہ سے زیادہ پچاس پیسے کا اضافہ ہونا چاہیے اور اس سے زیادہ اضافہ انتظامیہ کی نا اہلی اور ملی بھگت ہے جس کا نوٹس لیا جائے۔