عمران خان کا دورہ کراچی محض دکھاوا ہے، مرتضیٰ وہاب

203

کراچی (آن لائن) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ عمران خان کا دورہ کراچی محض دکھاوا ہے، وزیراعظم کو مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں، کراچی نے نااہل وفاقی حکومت کو مسترد کردیا۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم اور ان کی کابینہ کرا چی کے مسائل حل کرنا ہی نہیں چاہتی۔ وزیراعظم صاحب کراچی آمد پر کراچی پیکیج کا وعدہ وفا کریں، کراچی والے آج بھی آپ کے وعدوں کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاش! وزیراعظم کراچی پیکیج کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کریںاور نمائشی دوروں کے بجائے کراچی کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔ دریںاثنا بیرسٹر مرتضی وہاب نے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پرشہر کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کا کام شروع کردیا گیا ہے ضلع کورنگی اور جنوبی میں کچرے کی صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ ڈی ایم سیز کی جانب سے صفائی کے کام میں ناکامی پر سندھ حکومت کو مداخلت کرنا پڑی ۔ وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر ضلع کورنگی میں ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں صفائی کاکام جاری ہے جبکہ ضلع کورنگی اور جنوبی کے کئی علاقوں سے کچرے کو صاف کردیا گیا ہے۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی دعووں اور وعدوں کے بجائے عملی اقدامات اور عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔
مرتضیٰ وہاب