مہنگائی اور ٹارگٹ کلنگ حکومت کے لیے سوالیہ نشان ہے،مفتی نعیم

157

کراچی (اسٹاف رپورٹر)معروف مذہبی اسکالر جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہا کہ ملکی سیاسی ومعاشی حالات تشویشناک ہیں ،حکومت سابق حکمرانوں کے طرزعمل اوررویوںسے قطع نظرعملی اقدامات پر توجہ دے ، ملک بھر میں تاجروں کی ہڑتال، مہنگائی ، شہرقائد میں پھرسے ٹارگٹ کلنگ صوبائی وفاقی حکومتوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ بدھ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مفتی محمدنعیم نے کہاکہ پاکستان کی موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال انتہائی تشویشناک اور خطرناک رخ اختیار کرتی ہوئی نظر آرہی ہے،نہ سیاسی استحکام ہے نہ ہی معاشی بہتری نظر آرہی ہے ،سیاسی، سماجی اور انتظامی حوالے سے عوام تشویش میں مبتلا ہیں، حالات کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے اقدامات نہ کیے تو حالات بدتر ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ کراچی میں گزشتہ روز معروف اینکر سمیت 4 افراد کو دن دہاڑے قتل کردیا گیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، یہ صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ لگتاہے کراچی میں پھر سے ٹارگٹ کلر سرگرم ہوچکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ قوم نے اعتماد کرکے منتخب کیا ہے، وزیر اعظم کی ذمے داری بنتی ہے وہ اعتماد کو قائم رکھیں اور یہ اعتماد انصاف سے پیدا ہو گا۔