بد ترین معاشی حالات کے ذمے داروں کا احتساب ضروری ہے، ذکر اللہ مجاہد

375
امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد اسلام پورہ کے تربیتی اجتماع سے خطاب کررہے ہیں
امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد اسلام پورہ کے تربیتی اجتماع سے خطاب کررہے ہیں

 

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ملک کے بدترین معاشی حالات کا ذمہ دار جو بھی ہے اس کا احتساب ہونا ضروری ہے۔ حکومت کااحتساب کا عزم ٹھیک ہے لیکن احتساب کا تاثرانتقامی نہیں ہونا چاہیے۔ حکومت کو اس پر اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے۔ حکومت کی اپنی بگل میں لوٹ مار کرنے والے افراد کا احتساب بھی اپوزیشن جماعتوں کے افراد کی طرح ہوناچاہیے اس سے احتسابی عمل میں شفافیت اور اعتماد کا عنصر بڑھے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زون 149 اسلام پورہ مدینہ مسجدد ٹیمپل روڈ کے تربیتی اجتماع کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد، امیر زون حسیب الرحمن،ملک محمد الیاس، ڈاکٹر عبدالسلام، محمد امین جاوید و دیگر قائدین نے شرکت کی۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہاکہ ملکی اداروں کا طاقتوار ہونا ضروری ہے مگر انہیں بے لگام نہیں ہونا چاہیے۔ جب تک کسی کے اوپر کرپشن کے الزامات ثابت نہیں ہو جاتے اس وقت تک نیب کسی کی کردار کشی کرنے کا مجاز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جن اقدامات کی پر زور مخالفت کرتی رہی ہے اب ان ہی اقدامات پر عمل درآمد کیلیے بڑی ڈھٹائی کے ساتھ عمل درآمد کیلیے اقدامات کر رہی ہے جس کی شاندار مثال کالا دھن سفید کرنے والی ایمنسٹی سکیم اور آئی ایم ایف سے قرض لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویژن سے آرمی اور عوام دشمن پالیسیاں بنانے والی پی ٹی آئی کی حکومت پی پی اور ن لیگ حکومتوں کا تسلسل اور چربہ ہے اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ صاف ستھری، دیانتدار اور اچھی باصلاحیت ٹیم کی حامل پارٹی کو بر سراقتدار لایا جائے جو صرف جماعت اسلامی کے علاوہ اورکوئی پارٹی نہیں ہے۔ جماعت اسلامی ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس کے صادق اور امین ہونے کو مخالفین بھی تسلیم کرتے ہیں۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے ان شاء اللہ جماعت اسلامی ملک کو بحرانوں سے نکال کر اسلامی اور خوشحال پاکستان بنائے گی۔