اینٹی کارلفٹنگ سیل کا نام بدل کر اینٹی وہیکلزکرائم یونٹ رکھ دیاگیا

147

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ ڈاکٹر سیدکلیم امام کی زیر صدارت کراچی میں امن وامان کی صورتحال اورانسدادرہزنی کے حوالے سے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں اہم اجلاس ہوا جس میں پولیس کے مجموعی امور و لائحہ عمل کاتفصیلی جائزہ لیتے ہوئے احکامات دیئے گئے ۔اس موقع پر قائم مقام ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹرامین یوسف زئی نے شہر میں اسٹریٹ کرائمز بشمول ڈکیتی رہزنی سمیت قتل ودیگرجرائم کیخلاف پولیس کی انسدای حکمت عملی اور لائحہ عمل پرخصوصی حوالوں سے تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی سندھ نے اینٹی کارلفٹنگ سیل کا نام باقاعدہ تبدیل کرکے اینٹی وہیکلزکرائم یونٹ (AVCU)رکھتے ہوئے اسکی مجموعی افرادی قوت میں مزید اضافہ بھی کردیا۔انہوں نے رہزنی کے خلاف جنگ کا اعلان کرتے ہوئے علیحدہ سے قائم اینٹی موٹر سائیکل کرائم اسکواڈ اوراینٹی اسٹریٹ کرائمز سیل کو ہدایات دیں کہ مصروف اوقات میں نہ صرف پیٹرولنگ، پکٹنگ بلکہ انٹیلی جنس بیسڈ پولیس کارروائیوں کو بھی یقینی بنایا جائے۔